ناجائز اثاثے : چوہدری برادران نیب میں پیش ، الزامات سے انکا ر ، اسحٰق ڈار کے بیٹے نہیں آئے
لاہور(صباح نیوز)مسلم لیگ (ق)کے رہنما چوہدری شجاعت حسین اور چوہدری پرویز الہٰی ناجائز اثاثوں کے ریفرنس میں نیب کے سامنے پیش ہوگئے۔چوہدری برادران اپنی صفائی میں ثبوت بھی ساتھ لے کر آئے تھے۔ نیب کی تفتیشی ٹیم نے ان سے تفتیش کی ‘ چودھری برادران نے الزامات سے انکار کیا۔نیب لاہور نے چوہدری شجاعت حسین اور چوہدری پرویز الہی کو سمن جاری کیے تھے جس میں کہا گیا تھا کہ ملزمان 6 نومبر کو نیب لاہور کے دفتر میں پیش ہو کراپنے اثاثوں کی تفصیلات اور آمدن کے ذرائع بتائیں۔مسلم لیگ(ق)کے رہنماوں کو 12 سال پہلے ہونے والی تحقیقات کے سلسلے میں طلب کیا گیا اور وہ نیب کے سامنے پیش ہوگئے۔نیب کی تحقیقات کے مطابق چوہدری شجاعت حسین اور پرویز الہی پر ناجائز اور غیر قانونی اثاثے بنانے کا الزام ہے۔واضح رہے کہ نیب نے پاناما کیس کے فیصلے کی روشنی میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف بھی آمدن سے زائد اثاثوں کا ریفرنس دائر کیا جس میں ان پر فرد جرم عائد ہوچکی ہے۔اسحاق ڈار کے دونوں بیٹے طلبی کے باوجود پیر کے روز نیب میں پیش نہیں ہوئے‘ انہیں دوبارہ نوٹس جاری کیے جائیں گے۔
چودھری برادران