مردم شماری میں دھاندلی کےخلاف اپنا مقدمہ جیت کر دم لیں گے‘ فاروق ستار
کراچی (خصوصی رپورٹر) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر محمد فاروق ستار اور اراکےن رابطہ کمیٹی نے مردم شماری میں دھاندلی کے خلاف لیاقت آباد 10 نمبر فلائی اوور پر ہونے والے احتجاجی جلسے میں شرکت کرنے والے نوجوانوں‘ بزرگوں‘ خواتین اور کارکنان سے دلی تشکر کا اظہار کیا اور کہا ہے کہ احتجاجی جلسے میں عوام نے بھر پور تعداد میں شرکت کر کے مردم شماری کے نتائج کو یکسر مسترد کر دیا ہے۔ ایک بیان میں ڈاکٹر محمد فاروق ستار نے کہاکہ مردم شماری کسی بھی ملک کی ترقی و خوشحالی کیلئے انتہائی اہمیت کی حامل ہوتی ہے کیونکہ مردم شماری کے نتائج کے بعد حکومتیں اپنے آئندہ کے لائحہ عمل مرتب کرتی ہیں جن میں انسانوں کی فلاح و بہبود کے تمام منصوبے شامل ہوتے ہیں‘ سندھ میں مردم شماری کا عمل شفاف نہیں ہوا اور بالخصوص سندھ کے شہری علاقوں سمیت کراچی کی لاکھوں آبادی کو مردم شماری سے حذ ف کر دیا گیا‘ مردم شماری ایک ایسا ریاستی عمل ہے جس میں دھاندلی کر کے ایک ایسا جرم اور گناہ کیا گیا ہے جس کی تلافی کسی طور بھی ممکن نہیں ہو سکتی۔ انہوں نے کہاکہ ایم کیوایم پاکستان مردم شماری کے درست نتائج کیلئے لیاقت آباد 10 نمبر فلائی اوور پر فقید المثال اور تاریخ ساز احتجاجی جلسہ کر چکی ہے اور اب ارباب اختیار و اقتدار کو چاہئے کہ وہ عوام کی آواز کو سنیں اور صحیح مردم شماری کروانے کیلئے حتمی اقدامات فی الفور اٹھائیں بصورت دیگر لاکھوں عوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنے کے اس گھناﺅنے عمل کے خلاف ایم کیوایم پاکستان اور عوام ایک ساتھ کھڑے ہیں اور آئندہ بھی اس ناانصافی اور دھاندلی کے خلاف اپنے احتجاج کا حق محفوظ رکھتے ہیں‘ سندھ اور اس کے شہری علاقوں کے عوام مردم شماری میں دھاندلی کے خلاف اپنا مقدمہ جیت کر ہی دم لیں گے۔
فاروق ستار