پاکستان ہر طرح کی دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے پرعزم ہے، دفتر خارجہ
اسلام آباد(اسٹاف رپورٹر) دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان نے کہا ہے کہ اس نے ہر طرح کی دہشتگردی کے خاتمے کا عزم کررکھا ہے۔ ادارے نے پاکستان کی کارکردگی کو سراہا ہے۔ترجمان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ٹاسک فورس سے متعلقہ ممالک کی فہرست اس کی ویب سائٹ پر موجود ہے جس میں پاکستان شامل نہیں ہے۔پیر کو دفتر خارجہ سے جاری بیان میں ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) ایک بین الاقوامی ادارہ ہے جو منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کے لئے فنانسنگ کے انسداد سے متعلق معیارات کا تعین کرتا ہے اور تمام ممالک کی جانب سے ان معیارات پر عملدرآمد کے لئے اٹھائے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیتا ہے۔ وہ حال ہی میں ارجنٹائن میں ایف اے ٹی ایف کے منعقدہ ایک اجلاس کے متعلق سوال کے جواب میں اظہار خیال کررہے تھے۔ پاکستان نے فروری 2014ئ میں ایف اے ٹی ایف کے معیارات پر عمل درآمد کے لائحہ عمل کو کامیابی کے ساتھ مکمل کیا۔بیونس آئرس میں منعقدہ ایف اے ٹی ایف کے اجلاس کے موقع پر انٹرنیشنل کوآپریشن ریویو گروپ میں جاری کارروائی کے دوران ایف اے ٹی ایف معیارات کے نفاذ کے حوالے سے پاکستان کی جانب سے مسلسل پیشرفت کو سراہا گیا۔ اس صورتحال کے برعکس تصویر کشی پاکستان کو بد نام کرنے کی مذموم سیاسی حکمت عملی کی عکاس ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ایف اے ٹی ایف سے متعلق ممالک کی فہرست ایف اے ٹی ایف کی ویب سائٹ پر دستیاب ہے جس میں پاکستان شامل نہیں ہے۔
دفتر خارجہ