ٹائون کی سطح پر امراض قلب کے مراکز قائم کئے جائیں‘ حاجی رفیق پردیسی

07 نومبر 2017

کراچی (ہیلتھ رپورٹر) برکاتی فائونڈیشن کے تحت جناح کارڈیو میں مریضوں کی عیادت کی‘ کم عمر 100 حفاظ کرا م نے مریضوں کیلئے دعائے صحت‘ ضرورتمند مریضوں کو خون کے عطیات‘ موسم سرما کے حوالے سے گرم شالیں اور دیگر گفٹ و تحائف تقسیم کئے۔ اس موقع پر برکاتی فائونڈیشن کے ٹرسٹی و چیئرمین حاجی محمد رفیق پردیسی نے کہاکہ جناح کارڈیو کے دورے کے موقع پر مریضوں کی عیادت کر کے قلبی خوشی ہوئی ۔ جبکہ ہسپتال میں صفائی وستھرائی‘ علاج و معالجہ اور تمام میڈیکل سہولتوں کی مفت فراہمی قابل تعریف ہے جبکہ ڈائریکٹرNICVD کے پروفیسر ڈاکٹر ندیم قمر کی کارکردگی قابل ستائش ہے۔ حاجی محمد رفیق پردیسی نے اسپتال میں دو ٹھنڈے پانی کے واٹر کولر مشین کی تنصیب کا بھی اعلان کیا اور حکومت سندھ سے مطالبہ کیا کہ ہر ٹائون میں جدید ایمرجنسی کارڈیوں سینٹر قائم کئے جائیں اور اس کام کی افتتاح غریب علاقوں سے کیا جائے۔ اس موقع پر برکاتی فائونڈیشن کے مدارس البرکات کے ناظم اعلیٰ مفتی وسیم ضیائی نے کہاکہ مریضوں کی عیادت بڑی فضیلت ہے رسول اللہﷺ نے ارشاد فرمایا جو شخص وضو کر کے اللہ کی رضا کیلئے مریض کی عیادت کرتا ہے اللہ تعالیٰ اسے جہنم سے 70 سال کی مسافت کے برابر دور کر دیتا ہے۔ دریں اثناء مفتی وسیم ضیائی نے مزید کہاکہ بہت جلد اسپتالوں میں شجرکاری مہم بھی شروع کی جائے گی۔ اس موقع پر مولانا اظہر قادری‘ مولانا اقبال قادری‘ مولانا عبدالعلیم قادری‘ مفتی کمال قادری‘ مفتی رضوان قادری‘ زبیر عالم قادری‘ مولانا ابراہیم ضیائی‘ مولانا زاہد حسین‘ مولانا آصف خان‘ مولانا دلاور قادری‘ مولانا شاہجہاں ‘ عشر قادری‘ قاری انور ہجویری‘ قاری عمران‘ عبداللہ کامل‘ میڈیا کوآرڈینیٹر وسیم خان کے علاوہ 150 حفاظ طلبہ اور رضاکار بھی موجود تھے۔