پی ٹی وی ’’رمضان پاکستان ‘‘ٹرانسمیشن کی کامیاب نشریات پر تقریب سپاس
کراچی(کلچرل رپورٹر)ماہ رمضان المبارک، 2017 میں سحری اور افطاری پر مبنی خصوصی لائیو ٹرانسمیشن ً رمضان پاکستان ً کی کامیاب نشریات کے اظہار تشکر کے لئے کراچی ٹیلی و ژن مرکز پر ایک پر وقار تقریب ہو ئی ۔ اس تقریب میں جنرل منیجر، ایگزیکٹیو پروگرامز منیجر، ہوٹل میرئٹ کے افسران اعلی، مختلف شعبوں کے سربراہان، یونین کے عہدیداران، نشریات سے منسلک پروڈیوسرز اورساتھیوں کے علاوہ ملازمین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ جبکہ اس تقریب میں تمام تر میزبانی کے فرائض مشہور کمپیئر جنید اقبال نے انجام دیئے۔ تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ بعد ازاں جنرل منیجر، محمد امین میمن نے ان ساتھیوں کے اعزاز میں تعارفی کلمات ادا کئے جنہوں نے اس خصوصی نشریات کو کامیابی سے پیش کرنے کے لئے دن ، رات سچی لگن، محنت اور دلجوئی سے اپنی خدمات انجام دیں اور ان ہی کی خدمات کے اعتراف میں انہیں Appreciation Letters تقسیم کرتے ہوئے مبارکباد پیش کی جبکہ تقریب میں موجود دیگر شخصیات نے جنرل منیجر، ایگزیکٹیو پروگرامز منیجر اور نشریات سے منسلک دیگر ساتھیوں کو کامیاب نشریات پیش کرنے پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔