ناصر شیرازی کے اغوا میںشریف برادران شامل ہیں: علی حسین نقوی

07 نومبر 2017

کراچی (نیوزرپورٹر) مجلس وحدت مسلمین سندھ کے سیکریٹری سیاسیات علی حسین نقوی نے کہا ہے کہ ناصر شیرازی کے اغوا میں نواز شریف،شہباز شریف، حمزہ شہباز،رانا ثنا اللہ اور سی ٹی ڈی کے سربراہ رائے محمد طاہر ملوث ہیں اور مغوی رانا ثنا اللہ اور رائے طاہرکے نجی ٹارچر سیل میں قید ہیں۔وزیر اعظم،چیف جسٹس آف پاکستان اور آرمی چیف اس لاقانونیت کا نوٹس لیتے ہوئے ناصر شیرازی اور ملت تشیع کے دیگر جبری گمشدہ افراد کی فوری بازیابی کو یقینی بنایا جائے۔ ایک بیان میں ایم ڈبلیو ایم سندھ کے سیکریٹری سیاسیات کا کہنا تھا کہ جمہوریت کو خطرے کا واویلا کرنے والے نون لیگی حکمران اس ملک میں فسطائیت  چاہتے ہیں۔علی حسین نقوی نے کہا کہ جمہوری اقدار اور قانون کا راگ الاپنے والے قانون شکنوں نے ملت تشیع کی زبان بندی میں ناکامی پر انتقام کا نشانہ بنانا شروع کر دیا، حکمرانوں کو اپنے ہر ظلم کا جواب دہ ہونا پڑے گا۔اللہ کے قانون سے یہ ظالم کبھی نہیں بچ سکیں گے۔