رائیونڈ کا اجتماع امہ اور پاکستان کی حفاظت کی نیک دعا کے ساتھ اختتام پذیر

07 نومبر 2017

دہشت گردی سے نجات کیلئے امہ احکام خدا وندی کے مطابق زندگی بسر کرے۔ مولانا عبدالوہاب۔ رائے ونڈ عالمی اجتماع کا پہلا مرحلہ رقت آمیز دعا کے ساتھ اختتام پذیر ہو گیا۔ 10 لاکھ افراد نے آہوں اور سسکیوں کے ساتھ پاکستان کی حفاظت اور دین دنیا کی کامیابیوں کیلئے دعا کی۔
رائے ونڈ کا سالانہ تبلیغی اجتماع حسب سابق اس سال بھی نہایت خوش اسلوبی سے اختتام پذیر ہوا۔ اجتماع میں 10 لاکھ سے زیادہ فرزندان اسلام نے شرکت کی۔ تین روز علما کرام نے اپنے مواعظ حسنہ سے لوگوں کو احکامات الٰہی پر چلنے اور عمل کرنے کی تلقین کی۔ دین سیکھنے اور سکھانے پر زور دیا۔ آخری روز دعا مولانا عبدالوہاب نے کرائی جو کم و بیش نصف گھنٹہ جاری رہی۔ لاکھوں افراد رو رو کر اپنے مالک حقیقی کے حضور اپنی زندگیاں اسلامی تعلیمات کے مطابق بسر کرنے کی دعاکے ساتھ ساتھ اپنے گناہوں کی مغفرت طلب کرتے رہے۔ مولانا عبدالوہاب نے ملک پاکستان کی حفاظت اور دین و دنیا کی کامیابی کیلئے ساتھ دہشت گردی سے نجات کی دعا کی۔ انہوں نے شرکا سے کہا کہ وہ خود اچھا مسلمان بننے کی کوشش کریں اور امت مسلمہ کی بھلائی اور پاکستان کے استحکام اور ترقی کیلئے اپنی توانائیاں وقف کریں۔ انہوں نے خاص طور پر روہنگیا مسلمانوں کے مصائب کے خاتمہ کیلئے بھی دعا کی۔ رائے ونڈ کے اجتماع کا تبلیغی اجتماع بلاشبہ ڈسپلن کا بھی شاہکار ہوتا ہے کہ اس لاکھوں کے اجتماع کے دوران کہیں ٹریفک کا کوئی مسئلہ پیدا ہوتا ہے نہ کبھی اندیشۂ نقصِ امن لاحق ہوتا ہے۔