کراچی اسموگ سے شدید متاثر ہوسکتا ہے ، ماہرین طب کی وارننگ

07 نومبر 2017
کراچی اسموگ سے شدید متاثر ہوسکتا ہے ، ماہرین طب کی وارننگ

کراچی(ہیلتھ رپورٹر)ماہرین صحت نے خبردار کیاہے کہ لاہور کے بعد کراچی بھی اسموگ سے متاثر ہوسکتا ہے۔ سرکاری اداروں کو چاہئے حفاظتی اقدامات اختیارکریں اور عوام کو آگہی دیں۔ پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن (سینٹرل) کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر قیصر سجاد نے کہا کہ کراچی میں ماحولیاتی آلودگی کی زیادتی کے سبب موجودہ موسم میں اسموگ پیدا ہونے کے قوی امکان ہیں۔ دھند کے ساتھ زہریلے دھوئیں کی آمیزش سے بننے والااسموگ صحت کے لئے کئی مسائل کا باعث بنتاہے۔ گلے‘ ناک‘ سانس‘ جلد اور آنکھوں کی بیماریاں لاحق ہوسکتی ہیں۔ ڈاکٹر قیصر نے کہا کہ شہرمیں ایک بھی درخت کی کٹائی ممنوع قراردی جائے۔ پہلے ہی یہاں سے درختوں کا صفایا کرکے آلودگی کے خلاف قدرتی ڈھال توڑ دی گئی ہے۔ واضع رہے کہ حالیہ دنوں میں لاہور میں اسموگ کی شدت سے ٹریفک حادثات سمیت کئی صحت کے مسائل پیدا ہوئے ہیں۔ ماہرین کے مطابق اسموگ بننے کی بڑی وجہ پیٹرول اورڈیزل سے چلنے والی گاڑیوں سے گیسز کا اخراج‘ صنعتی پلانٹس‘ کچرا یا دیگراشیاء جلانے اورانسانی سرگرمیوں سے پیدا ہونے والی حرارت ہے۔ کراچی ان تمام عوامل کی باعث اسموگ سے متاثر ہوسکتا ہے۔