شورومز مالکا ن کا سڑکوں پر قبضہ ، وزیراعلٰی برہم

07 نومبر 2017

کراچی (کرائم رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے شو روم مالکان کی جانب سے اہم سڑکوں پر تجاوزات کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پولیس سندھ اے ڈی خواجہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ ذاتی طور پر انہیں ہٹانے کے اقدامات کریں اور اس سلسلے میں پولیس اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی جائے جو کہ
تجاوزات کے قیام کی اجازت دیتے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے اے ڈی خواجہ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ڈی آئی جی ٹریفک کو بھی ہدایات کی تھیں کہ اہم سڑکوں پر شو روم والوں کی جانب سے قائم تجاوزات کو ہٹایا جائے‘ اہم سڑکیں شو رومز کا حصہ نہیں ہیں سڑکوں سے تجاوزات کا خاتمہ کیا جائے اور طارق روڈ‘ خالد بن ولید روڈ‘ جمشید روڈ‘ گلشن اقبال‘ کلفٹن اور ناظم آباد کے علاقوں کی دوبارہ تشکیل نو کی جائے انہوں نے کہاکہ اس سے یہ پتہ چلتا ہے کہ یہ تجاوزات متعلقہ افسران اور پولیس اہلکاروں کی مدد سے قائم ہوتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں ملوث افسران کے خلاف سخت کارروائی کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ میں شہر کو تجاوزات سے پاک کرنے کیلئے کوشاں ہوں مگر یہ تجاوزات بار بار قائم ہو جاتی ہیں جو کہ کسی بھی صورت میں قابل قبول نہیں ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہاکہ وہ اگلے ہفتے سے شہر کا دورہ شروع کریں گے اور تجاوزات‘ گندگی اور کچرے کے ڈھیر‘ پولیس اسٹیشن اور لوکل گورنمنٹ کے دفاتر میں عملے کی غیر حاضری جیسے ایشوز کے خلاف سخت کارروائی کریں گے۔ آئی جی پولیس نے وزیراعلیٰ سندھ کو یقین دلایا کہ وہ سڑکوں بالخصوص شو رومز سے تجاوزات کے خاتمہ کو ذاتی طور پر نگرانی کریں گے۔