کراچی میں پڑنے والی شدید دھند میں بتدریج کمی,دھند کے باعث جناح انٹر نیشنل ائیرپورٹ پر فضائی آپریشن بھی متاثر
کراچی میں رات گئے اچانک شدید دھند نے کئی علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا جس کے باعث نظام زندگی درہم برہم ہوگیا۔کراچی کے مختلف علاقوں میں اتوار اور پیر کی درمیانی شب دھند نے کئی علاقوں کو اپنی لپیٹ لے لیا شارع فیصل پر ائیرپورٹ سے بلوچ کالونی اور نیشنل ہائی وے پر گلشن حدید سے ملیر پندرہ متاثر ہوئے حد نگاہ میں کمی ہونے کے باعث گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔شہر میں شدید دھند کے باعث جناح انٹر نیشنل ائیرپورٹ پر فضائی آپریشن بھی متاثر ہوا اور9بین الاقوامی فلائٹ لینڈ نہ کرسکی جس کے باعث انہیں واپس بھیجا گیا جبکہ رات ڈھائی بجے سے ائیرپورٹ پروازوں کے لیے بند رہا۔بعد ازاں سورج کی تیز کرنوں کے باعث دھند میں بتدریج کمی ہوگئی تاہم ابھی تک ترجمان ائیرپورٹ کی جانب سے فلائٹ آپریشن شروع کرنے کا فیصلہ نہیں کیا گیا ہے ۔