وزیراعلیٰ کی پنجاب بھر کے ہسپتالوں کے اندر اور باہر دو دن میں صفائی کی ہدایت
ملتان (وقائع نگار خصوصی) وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر سیکرٹری ہیلتھ پنجاب نے صوبہ بھر کے ای ڈی اوز ہیلتھ اور ٹیچنگ ہسپتالوں کے پرنسپلز‘ ایم ایس صاحبان کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ ہسپتالوں کے اندر‘ باہر اور گردو نواح میں موجود گندگی کو صاف کر کے دو دن کے اندر رپورٹ پیش کی جائے۔ محکمہ صحت ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کو خفیہ اداروں نے رپورٹس بھجوائی تھیں کہ پنجاب میں ڈینگی اور ہیپاٹائٹس کا مرض پھیلنے کی وجوات میں وہاں پر موجودگی گندگی سب سے بڑا عنصر ہے اور ہسپتالوں کی انتظامیہ اس جانب توجہ نہیں دے رہی جس پر وزیراعلیٰ شہباز شریف نے نوٹس لیتے ہوئے سیکرٹری ہیلتھ پنجاب کو ہدایات جاری کی تھیں کہ ہسپتالوں میں صفائی کے حالات کو فوری طور پر بہتر کیا جائے۔ ہسپتالوں میں موجود نالیوں میں جراثیم کش ادویات انڈیلی جائیں اور ان ایریاز میں ڈینگی کے خلاف سپرے کروایا جائے۔