امریکہ کے مارے کتے کو شہید کہنے پر فضل الرحمن کیخلاف درخواست دائر
اسلام آباد (آن لائن) امریکہ کے ہاتھوں قتل ہونیوالے کتے کو شہید کا خطاب دینے پر جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں آئینی درخواست دائر کردی گئی۔ درخواست گذار شاہد اورکزئی نے مؤقف اختیار کیا کہ کیا قومی اسمبلی کا کوئی مسلم یا غیر مسلم رکن اس امر کا مجاز ہے کہ امریکہ کے ہاتھوں مرنیوالے کتے کو شہید کے خطاب سے نوازے۔ درخواست گذار شاہد اورکزئی نے سوال اٹھایا کہ کیا محض امریکہ پر بھونکنے‘ امریکہ کو کاٹنے سے کوئی کتا مذہبی تقدس کا حقدار ہو جاتا ہے۔ درخواست گذار نے کہا کہ کتے کا لفظ کسی طور پر شہید کے لفظ سے جوڑا نہیں جا سکتا۔ درخواست میں کہا گیا کہ مذکورہ رکن اسمبلی کو جاری اجلاس میں شرکت سے روک دیا جائے اور سپیکر کو ان کیخلاف چیف الیکشن کمشنر کے پاس ریفرنس بھجوانے کی ہدایت کی جائے۔