چیئرمین نیب کی زیر صدارت ایگزیکٹو بورڈ کا اہم اجلاس آج ہوگا
اسلام آباد (آئی این پی) چیئرمین نیب قمر الزمان چوہدری کی زیر صدارت نیب کے ایگزیکٹو بورڈ کا اہم اجلاس (آج) جمعرات کو ہوگا جس میں نیب کے پاس زیر تفتیش اہم مقدمات کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے بعد ریفرنس احتساب عدالتوں میں بھجوانے کا فیصلہ کیا جائے گا جبکہ نیب کے پراسیکیویشن ونگ کو مضبوط بنانے کے لئے لائحہ عمل کی منظوری دی جائے گی ۔ اجلاس میں اوگرا کرپشن کیس میں سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی سمیت کئی اہم شخصیات کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کی منظوری بھی متوقع ہے۔ اجلاس میں اہم سیاسی و کاروباری شخصیات کے خلاف زیر تفتیش مقدمات کا جائزہ لیا جائیگا اور مزید ریفرنس احتساب عدالتوں میں بھجوانے کی منظوری بھی دی جائے گی جبکہ سابق چیئرمین نیب ایڈمرل فصیح بخاری کی طرف سے متعدد اہم شخصیات کے خلاف تحقیقات کو بند کرنے کے کیسز کی تفصیلات بھی چیئرمین نیب نے طلب کرلی ہیں ان کا کیس ٹو کیس جائزہ لیکر ان کیسز کو دوبارہ کھولنے کیلئے فیصلے کئے جانے کا امکان ہے۔