مشرف کا جانا طے ہوچکا، رہائی این آر او کے تحت ہوئی: خورشید شاہ
اسلام آباد (ایجنسیاں) قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے پرویز مشرف کی ضمانت کو این آر او کے تحت قرار دیدیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق خورشید شاہ نے کہا کہ جس طریقے کے ساتھ مقدمات کمزور کر کے پرویز مشرف کی ضمانتیں ہوئیں، رہائی خفیہ ڈیل کا نتیجہ ہے۔ خورشید شاہ نے کہا کہ پرویز مشرف کا جانا طے ہوچکا تھا۔ 20 دن پہلے کہہ دیا تھا کہ مشرف رہا ہوجائیگا۔ انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف کی ضمانت پر رہائی این آر او کے تحت کی گئی جس این آر او پر عدلیہ اور مسلم لیگ (ن) نے شور مچایا آج خود وہی کام کیا ہے۔ خورشید شاہ نے کہا ہے کہ چوہدری نثار کے غیر لچکدار اور منفی رویہ کی وجہ سے سینٹ میں اپوزیشن الگ اجلاس اور احتجاج پر مجبور ہوئی‘ لوگ سوچ رہے ہیں اگر وزیر داخلہ سینٹ میں اپوزیشن کو نہیں منا سکتے تو وہ طالبان کو مذاکرات کیلئے کیسے راضی کرسکتے ہیں؟ حکومت منفی رویہ اور غیر مناسب گورننس کی وجہ سے پارلیمنٹ غیر موثر ہورہی ہے۔ سینٹ میں جاری محاذ آرائی کو پارلیمنٹ میں بیٹھ کر ہی ختم ہونا چاہئے تھا لیکن میں سوچ رہا ہوں کہ آخر کیا وجہ ہے جو اپوزیشن سبزہ زار پر اپنا الگ اجلاس کرانے پر مجبور ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے دور میں بھی بیوروکریسی غلط اعداد و شمار پیش کرتی رہی ہے لیکن ہم نے غلط اعداد و شمار کو انا کا مسئلہ نہیں بنایا جس طرح موجودہ حکومت اور وزیر داخلہ بتا رہے ہیں۔