پاکستان ایران کیساتھ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے: ممنون حسین
اسلام آباد (اے پی پی) صدر ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان ایران کے ساتھ اپنے تعلقات کی بہت زیادہ قدر کرتا ہے، دوطرفہ روابط بالخصوص تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو مزید تقویت دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے یہ بات پاکستان میں ایران کے سفیر علی رضا حقیقیاں سے ایوان صدر میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ ملاقات کے دوران پاکستان ایران دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال ہوا۔ صدر نے کہا کہ دونوں ممالک مشترکہ تجارتی، ثقافتی اور مذہبی رشتے میں جڑے ہوئے ہیں۔ صدر نے دونوں ممالک اور خطہ کے عوام کے مفاد میں خاص طور پر دوطرفہ تجارتی اور اقتصادی روابط کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ ایرانی سفیر نے ایرانی قیادت کی نیک خواہشات صدر تک پہنچائیں۔ صدر نے بھی اسی طرح کے خیرسگالی جذبات ظاہر کرتے ہوئے ایران کے نومنتخب صدر اور عوام کیلئے نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔