توانائی بحران سب سے بڑا ایشو، پاک فوج سب سے مقبول ادارہ ہے: سروے
لاہور (نیشن رپورٹ) انٹرنیشنل ریپبلکن انسٹی ٹیوٹ (آئی آر آئی) نے اپنے سروے میں کہا ہے کہ پاکستان کا سب سے اہم مسئلہ توانائی کا بحران ہے۔ سروے کے مطابق 42 فیصد پاکستانیوں کا کہنا ہے کہ بجلی بحران بڑا مسئلہ ہے۔ 21 فیصد کے مطابق مہنگائی، 12 فیصد کے مطابق بیروزگاری، 10 فیصد کے مطابق بڑھتی ہوئی دہشت گردی، 3 فیصد کے مطابق لاء اینڈ آرڈر، کرپشن اور غربت پاکستان کے اہم ایشوز ہیں جبکہ 3 فیصد پاکستان کے کئی دیگر عوام کو بڑا مسئلہ قرار دیا۔ سروے کے مطابق 89 فیصد پاکستانیوں نے فوج کے ادارے کو بہترین قرار دیا۔ 80 فیصد کے مطابق میڈیا مقبول ادارہ ہے، سروے میں 10 فیصد پاکستانیوں نے مسلم لیگ (ن) کی حکومتی کارکردگی کو بہترین قرار دیا جبکہ 48 فیصد نے اسے اچھا قرار دیا جبکہ 22 فیصد نے اسے برا کہا۔ 43 فیصد افراد کے مطابق لوڈشیڈنگ کا مسئلہ حکومت کی اوّلین ترجیح ہے۔ سروے میں 23 فیصد نے مسلم لیگ (ن) کی پنجاب حکومت کی کارکردگی کو بہترین قرار دیا، 50 فیصد نے اسے اچھا کہا جبکہ صرف 14 فیصد نے اس کے خلاف ووٹ دیا۔ سروے میں 9 فیصد لوگوں نے خیبر پی کے حکومت کی کارکردگی کو بہترین، 40 فیصد نے اطمینان بخش اور 10 فیصد نے برا قرار دیا۔ سندھ میں حکومت کی کارکردگی کو 7 فیصد نے بہترین، 27 فیصد نے اطمینان بخش جبکہ 27 فیصد نے غیر تسلی بخش قرار دیا۔ بلوچستان حکومت کو 6 فیصد افراد نے بہترین، 24 فیصد نے اطمینان بخش جبکہ 24 فیصد نے بدترین قرار دیا۔ سروے میں 64 فیصد افراد کا کہنا تھا کہ بلدیاتی الیکشن آئندہ سال ہونے چاہئیں جبکہ 17 فیصد نے اسکی مخالفت کی۔ 36 فیصد افراد کا کہنا تھا کہ بلدیاتی انتخابات ہی لوگوں کے مسائل کا حل ہے۔ سروے کے مطابق اس سوال پر کہ آپ نے جنرل الیکشن میں ووٹ دیا، پر 75 فیصد افراد نے ہاں میں جواب دیا جبکہ 23 فیصد نے ووٹ نہ دینے کا بتایا۔ 33 فیصد افراد نے سروے میں کہا کہ اگر قومی اسمبلی کے الیکشن ہوں تو وہ مسلم لیگ (ن) کو ووٹ دینگے۔ 11 فیصد نے پی ٹی آئی اور 9 فیصد نے پیپلز پارٹی کو ووٹ دینے کا کہا۔ 60 فیصد نے سروے میں 12 مئی کے الیکشن کو منصفانہ قرار دیا۔ سروے میں 19 فیصد افراد کے مطابق مسلم لیگ (ن) اپنی کارکردگی کی بنا پر جیتی۔ سروے میں 13 فیصد افراد کا کہنا تھا کہ سروے میں 59 فیصد افراد کا کہنا تھا کہ ٹیکسوں میں اضافے سے صحت کی صورتحال بہتر کی جا سکتی ہے۔ سروے میں 81 فیصد افراد کا کہنا تھا کہ پاکستان درست سمت میں نہیں چل رہا۔