ٹریفک حادثات ۔ ایک خاتون سمیت4 افراد ہلاک
لاہور(نامہ نگار) شہر میں ٹریفک حادثات مختلف واقعات میں ایک خاتون سمیت4 افراد ہلاک ہوگئے۔ بتایا جاتا ہے کہ شاہدرہ کے علاقہ میں ریلوے اسٹیشن کے قریب نامعلوم نوجوان سڑک عبور کرتے ہوئے تیز رفتار گاڑی کی زد میں آکر ہلاک ہوگیا۔ پولیس نے لاش شناخت نہ ہونے پر پوسٹ مارٹم کے لئے مردہ خانہ جمع کرادی ہے ۔پولیس کے مطابق ورثاء کی تلاش جاری ہے جبکہ نامعلوم ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ سٹی رائے ونڈکے علاقہ میں 55 سالہ نامعلوم خاتون کو تیز رفتار ویگن نے کچل کر ہلاک کردیا۔ بادامی باغ کے علاقہ میں سائیکل سوار نامعلوم شخص ریلوے لائن پھاٹک عبور کررہا تھا کہ وہ ٹرین کی زد میں آکر ہلاک ہوگیا۔ جاوید پارک کے قریب رکشہ الٹ جانے سے خاتون سمیت تین افراد زخمی ہوگئے۔ رستم پارک میں ویگن کی سائیڈ لگنے سے موٹر سائیکل سوار دو افراد زخمی ہوگئے۔ رانا ٹائون کے قریب موٹر سائیکل سے گر کر دو افراد زخمی ہوگئے۔سگیاں پل لاہور پر کار اور موٹرسائیکل میں ٹکر سے ایک شخص جاںبحق، 2 زخمی ہو گئے۔