حکومت ڈالر کے مقابلے میں روپے کو مستحکم کرنے کیلئے اقدامات کرے: خواجہ امجد سعید
لاہور (کامرس رپورٹر) اقتصادی ماہرین نے ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قیمت میں مسلسل کمی پر حکومت کو انتباہ کیا ہے کہ فوری طور پر ڈاکر کے مقابلے میں روپے کو مستحکم رکھنے کیلئے اقدامات کرے ورنہ پاکستان اقتصادی بحران سے دوچار ہو سکتا ہے۔ معروف ماہر اقتصادیات ڈاکٹر خواجہ امجد سعید اور پروفیسر محمد میاں اکرم نے کہا کہ امریکہ سمیت ہر ملک میں 10 ہزار ڈالر سے زائد رقم بیرون ملک سے لانے اور لے جانے پر پابندی ہے لیکن پاکستان میں اس پابندی پر عمل نہیں کیا جارہا ہے جس کے باعث ملک سے ڈالر تیزی سے بیرون ملک منتقل ہو رہا ہے حکومت فوری طور پر 10 ہزار ڈالر سے زائد زرمبادلہ بیرون ملک منتقل کرنے پر پابندی عائد کرے۔ ہنڈی کے خاتمے کیلئے مو¿ثر اقدام کئے جائیں۔ ترسیلات زر اور برآمدات کو بڑھانے کیلئے حکومت مو¿ثر حکمت عملی تشکیل دے۔ اگر ان اقدامات پر عمل درآمد کیا جائے تو پاکستان روپے کی قدر بہتر ہوگی اور بیرونی کرنسیوں کے مقابلے میں روپے کی قدر مستحکم ہوگی لیکن اگر ایسا نہ کیا گیا تو پاکستان کی معیشت بحران سے دوچار ہو سکتی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ سٹیٹ بنک انکوائری کرائے کہ انٹر بنک مارکیٹ میں روپے کے مقابلے ڈالر کی قیمت کہیں گٹھ جوڑ کرکے تو نہیں بڑھائی جارہی ہے اگر ایسا ہو رہا ہے تو پھر سٹیٹ بنک دیگر بنکوں پر انٹر بنک ریٹ گٹھ جوڑ بڑھانے پر جرمانے عائد کرے۔