محکمہ مواصلات و تعمیرات کی ری سٹرکچرنگ،پرانا نظام بحال کرنے کا فیصلہ
لاہور( چودھری محمد اشرف) محکمہ مواصلات و تعمیرات کے لوکل ڈسٹرکٹ کی ری سٹرکچرنگ کے سلسلہ میں بلڈنگ ڈیپارٹمنٹ کا پرانا سسٹم بحال کرنے کا اصولی فیصلہ، جس کا باقاعدہ نوٹیفیکشن اگلے ایک دو روز میں کیے جانے کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق محکمہ سی اینڈ ڈبلیو کی ری سٹرکچرنگ میں بلڈنگ ڈیپارٹمنٹ میں لاہور زون کو دو سے چار زون میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔ لوکل گورنمنٹ میں بطور ای ڈی او کام کرنے والے افسران واپس اپنے محکمے میں فرائض انجام دینگے۔ بلڈنگ ڈیپارٹمنٹ جس میں پہلے سپرنٹنڈنٹ انجینئر کے عہدہ کے دو افسران فرائض انجام دے رہے تھے نئے نظام کے تحت ان کی تعداد چار ہو جائے گی۔ گریڈ 18 کے ایگزیکٹو انجنیئرز جن کی تعداد پہلے دو ہوا کرتی تھی ان کی تعداد بڑھ کر چار ہو جائے گی ۔ایس ڈی او (کوالٹی کنٹرول) کی تعداد بھی چار ہو جائے گی۔ اسی طرح سرکل ہیڈ ڈارفٹسمین، سپرنٹنڈنٹ، ڈویژنل ہیڈ ڈرافٹسمین، سٹینوگرافر، ہیڈ کلرک کی آسامیاں ڈبل ہو جائیں گے۔ پرانے سسٹم کے تحت ڈرافٹ مین کی آسامیاں چار سے بڑھ کر چھ ہو جائیں گی۔ اکاونٹس کلرک جن کی تعداد اس سے قبل 15 ہوا کرتی تھی بڑھ کر 27 ہو جائے گی جبکہ اس شعبہ میں 10 نئی آسامیوں کا بھی اضافہ کیا جائیگا۔ جونیئر کلرک کی 12 نئی آسامیاں پیدا ہونگی۔ ذرائع نے بتایا کہ پرانے نظام کے تحت بلڈنگ ڈیپارٹمنٹ میں میں گریڈ ایک سے 19 تک کام کرنے والے ملازمین کی تعداد 86 تھی بڑھ کر 169 ہو جائے گی جبکہ مختلف شعبوں میں 30 کے قریب نئی آسامیاں پیدا ہو نگی۔