گورنر پنجاب کا ایوان کارکنان تحریک پاکستان میں فلٹریشن پلانٹ لگوانے کا اعلان
لاہور (خصوصی رپورٹر) گورنر پنجاب چودھری سرور نے ایوان کارکنان تحریک پاکستان، شاہراہ قائداعظمؒ لاہورمیں”صاف پانی.... محفوظ زندگی“ مہم کے تحت ایک واٹر فلٹریشن پلانٹ لگوانے کا اعلان کیا ہے۔ یہ پلانٹ شمسی توانائی سے چلے گا اور اس کی مشینری اور تنصیب کے تمام اخراجات گورنر پنجاب اپنی جیب سے ادا کریں گے۔ اس سلسلے میں گورنر پنجاب کی نمائندہ محترمہ فرح مجید نے گزشتہ روز نظریہ¿ پاکستان ٹرسٹ کے چیئرمین ڈاکٹر مجید نظامی سے ایوان کارکنان تحریک پاکستان میں ملاقات کی اورکہاکہ اس ایوان میں ہونے والی سرگرمیوں پر گورنر پنجاب بہت خوش ہیں۔ بالخصوص یہاں روزانہ سینکڑوں کی تعداد میں آنے والے طلباوطالبات کی نظریاتی تعلیم وتربیت کو بے حد سراہا ہے۔ گورنر پنجاب کی خواہش ہے کہ ان طلباوطالبات اور اس ایوان میں قوم سازی کے عظیم کام میں مصروف افراد کو پینے کا صاف پانی فراہم کیا جائے۔ ڈاکٹر مجید نظامی نے گورنر پنجاب کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ طلباوطالبات ہماری قوم کا مستقبل ہیں اور انہیں صحت مند وتوانا رکھنے کیلئے صاف پانی مہیاکرنا ایک قومی خدمت ہے۔ انہوں نے گورنر پنجاب کی طرف سے ”صاف پانی.... محفوظ زندگی“ کی مہم اور عوامی فلاح و بہبود کی سرگرمیوں میں ہمہ وقت کوشاں رہنے کو ایک قابل ستائش امر قرار دیا۔