لاہور (نامہ نگار) ہسپتالوں میں ڈاکٹرز کی جانب سے ہڑتال اور مظاہروں پر حکومت نے ڈاکٹرز اور ہیلتھ الائنس قیادت کیخلاف سخت کارروائی کافیصلہ کرلیا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق لاہور پولیس کو درج مقدمات میں ڈاکٹرز، ہیلتھ الائنس کی قیادت کی گرفتاریوں کا ٹاسک دیا گیاہے۔ پنجاب حکومت کی جانب سے لاہور پولیس کو ٹاسک سونپا گیاہے کہ روڈ بلاک کرنے میں ملوث ڈاکٹرز اورہسپتالوں کو بند کرنے کی کوشش کرنیوالوں کیخلاف بھی مزید مقدمات درج کئے جائیں۔اس سے قبل مال روڈ پر احتجاج کے دوران ڈاکٹرز کیخلاف سنگین دفعات کے تحت 2مقدمے درج ہوئے تھے جن میں بغاوت، دہشت گردی سمیت دیگر سنگین دفعات شامل کی گئی ہیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمات میں ڈاکٹر سلمان حسیب،شعیب نیازی ، ڈاکٹر رفاقت سمیت 8 افراد نامزد ہیں۔ اس حوالے سے لاہور پولیس کی جانب سے آپریشنز اور انویسٹی گیشن ونگ کی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔
ہڑتال‘مظاہروں پر ڈاکٹرز‘ ہیلتھ الائنس قیادت کیخلاف سخت کارروائی کا فیصلہ
May 07, 2025