ٹرافی جیتیں گے ‘پانچوں کی ٹیموں کی کپتان کامیابی کیلئے پر عزم 

May 07, 2025

لاہور(سپورٹس رپورٹر)نیشنل ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ میں شریک کانکررز کی کپتان فاطمہ ثنا نے کہاہے کہ ہم ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ میں اچھی کارکردگی دکھانے کی کوشش کریں گے، تمام کھلاڑی اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے اور ٹیم کیلئے اچھی کارکردگی دکھانے کیلئے بے تاب ہیں۔ہماری ٹیم ون ڈے ٹورنامنٹ کا فائنل نہیں جیت سکی لیکن یہ ٹی ٹونٹی ایونٹ ہے اور ہم کوشش کریں گے کہ وہی غلطیاں نہ دوہرائیں اور اس مقابلے میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں۔چیلنجرز کی کپتان رامین شمیم نے کہاکہ ہم نے کوچنگ سٹاف کیساتھ مل کر ٹورنامنٹ کیلئے پلان بنایا ہے اور میدان میں ان پر عمل کرنے کی کوشش کریں گے۔ہمارے پاس ایک متوازن سکواڈ ہے اور مقصد ٹورنامنٹ کے ہر میچ میں اچھے نتائج دینا ہے۔انونسیبلز کی کپتان منیبہ علی کا کہنا ہے کہ ہم ایک وقت میں ایک میچ کے بارے میں سوچیں  گے اور ٹورنامنٹ میں مومینٹم حاصل کرنے کیلئے ابتدائی میچ جیتنے کی کوشش کریں گے۔میں ٹورنامنٹ میں ٹیم کی بہتر کارکردگی میں اپنا  زیادہ سے زیادہ کردار ادا کرنے کی کوشش کروں گی۔سٹارز کی کپتان سدرہ امین نے کہا کہ ہماری ٹیم نے پچھلا ایک روزہ ٹورنامنٹ جیتا تھا اس لیے ہم اس ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ میں اچھا ہدف رکھیں گے۔ ہم کراچی میں باقاعدگی سے ڈومیسٹک ٹورنامنٹ کھیلتی رہی ہیں اس لیے ہم کنڈیشنز سے واقف ہیں اور ٹورنامنٹ میں بہتر نتائج حاصل کرنے کے لیے پراعتماد ہیں۔سٹرائیکرز کی کپتان گل فیروزہ نے کہا کہ ہم نے ٹورنامنٹ کی تیاری کا اچھا کیمپ لگایا ہے اور ہماری ٹیم کی نوجوان کھلاڑی موقع ملنے پر پرفارم کرنے کیلئے تیار ہیں۔ میں پر امید ہوں کہ ٹیم اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریگی اور ٹورنامنٹ میں بہتر نتائج دیگی۔

مزیدخبریں