مسلح افواج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاکستان نے جاری جنگی مشق انڈس کے دوران زمین سے زمین پر مار کرنے والے فتح میزائل کا کامیاب تجربہ کرلیا‘ یہ میزائل 120 کلو میٹر تک ہدف کو کامیابی سے نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ تجربے کا مقصد فوجیوں کی اپریشنل تیاریوں کو یقینی بنانا اور میزائل کے جدید نیویگیشن سسٹم میں بہتری اور تکنیکی پیرامیٹرز کی توثیق کرنا ہے۔
اس میں کوئی شک و شبہ نہیں کہ بھارت کی جانب سے گرمائے گئے جنگی ماحول اور پاکستان پر اسکی ممکنہ جارحیت کے پیش نظر عساکر پاکستان نے اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں‘ جنگی تیاریوں اور حکمت عملی سے بھارتی عزائم خاک میں ملا دیئے ہیں۔ خودساختہ پہلگام واقعہ کو جواز بنا کر پاکستان کی سلامتی تاراج کرنے کی نیت رکھنے والا بھارت بارہ روز گزر جانے کے باوجود پاکستان پر حملہ آور ہونے کی جرأت نہیں کر پا رہا۔ جس کی سب سے بڑی وجہ افواج پاکستان کی بروقت مؤثر حکمت عملی اور بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت ہے۔ افواج پاکستان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور جذبہ حب الوطنی کا اندازہ اس امر سے لگایا جا سکتا ہے کہ بھارت کے پیدا کئے گئے جنگی ماحول میں بھی جدید ٹیکنالوجی کے حامل ابدالی اور فتح جیسے میزائلوں کا یکے بعد دیگرے کامیاب تجربہ کرکے یہ ثابت کردیا گیا ہے کہ پاک فوج جنگ کے دوران بھی ہنگامی بنیادوں پر اپنے ہتھیاروں کو دفاع وطن کیلئے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
فتح میزائل کا کامیاب تجربہ
May 07, 2025