مکتوب دوبئی
(طاہر منیر طاہر)
متحدہ عرب امارات میں عرصہ دراز سے مقیم تجربہ کار، سینئر اور منجھے ہوئے پاکستانی صحافی اشفاق احمد، ایسوسی ایٹ ایڈمنسٹریٹر آن لائن گلف نیوز صدر پاکستان جرنلسٹس فورم یو اے ای کا شمار ان پاکستانیوں میں ہوتا ہے جنہوں نے ہمیشہ پاکستان اور پاکستان کا سافٹ امیج پوری دنیا میں اجاگر کیا ہے۔ بطور صحافی اشفاق احمد کو بڑے بڑے لوگوں کے ساتھ انٹرویو کرنے کا موقع ملا ہے جو ان کے ساتھ ساتھ پاکستانیوں کیلئے بھی بڑا اعزاز ہے۔ حال ہی میں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کے دورہ متحدہ عرب امارات کے دوران اشفااق احمد نے ون آن ون خصوصی انٹرویو کیا جس میں عصر حاضر کے ملکی، قومی اور بین الاقوامی حالات پر سیر حاصل گفتگو کی گئی۔
پاکستان پیپلزپارٹی گلف کے صدر میاں منیر ہانس کے والد حاجی محمد صدیق ہانس کا انتقال
دبئی (طاہر منیر طاہر) پاکستان پیپلزپارٹی گلف و مڈل ایسٹ کے صدر میاں منیر ہانس کے والد حاجی محمد صدیق ہانس مختصر علالت کے بعد گزشتہ روز لاہور میں انتقال کر گئے۔ حاجی محمد صدیق ہانس کے انتقال پرملال کے موقع پر پی پی پی امارات، گلف و مڈل ایسٹ کے عہدیداران و اراکین اور امارات میں مقیم پاکستانی کمیونٹی نے میاں منیر ہانس سے اظہارتعزیت کرتے ہوئے مرحوم حاجی محمد صدیق ہانس کیلئے دعائے مغفرت کی ہے۔
ہونہار پاکستانی طالبہ فضہ سید کی خدمات پر وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا خراج تحسین
وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کے حالیہ دورہ متحدہ عرب امارات کے دوران جہاں سرکاری، غیر سرکاری، پاکستانی کمیونٹی اور مختلف طبقہ فکر کے لوگوں نے ان سے ملاقات کی وہاں پاکستانی طالبہ فضہ سید نے بھی وزیرخارجہ سے ملاقات کی اور اپنے حالیہ پراجیکٹ کے بارے گفت و شنید کی۔ فضہ سید حال ہی میں ایک امریکی یونیورسٹی SSCCC کے شعبہ فنانس کی نائب صدر منتخب ہوئی ہیں۔ فضہ سید کی حالیہ کامیابی کا سن کر وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے انہیں مبارکباد دی اور خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یقینا پاکستان کو آپ جیسے ہونہار طلباءکی کاوشوں پر فخر ہے۔ شاہ محمود قریشی نے فضہ سید کو پاکستان میں اپنے پراجیکٹ پر کام کرنے کی پیشکش کی اور ہرممکن تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔