پاک ، سعودی عسکری قیادت کی ملاقات، دفاعی تعاون بڑھانے پر اتفاق
پاکستان اور سعودی عرب اسلامی اخوت کے رشتے میں بندھے ہیں۔ دونوں ملکوں کے عوام کے دل بھی ایک دوسرے کے ساتھ دھڑکتے ہیں ، سعودی عرب کو حرمین شریفین کا نگران اور خدمت گار ہونے کے باعث پورے عالم اسلام میں عزت اور شرف حاصل ہے ۔ اس حوالے سے بھی اسلامیان پاکستان کی سعودی عرب سے وابستگی جذباتی ہے۔ یوں تعلقات سیاسی ، تجارتی یا سماجی جس نوعیت کے بھی ہوں دونوں طرف سے مثالی وارفتگی کا مظاہرہ کیا جاتا ہے۔ اسی طرح دفاعی معاملات میں پاک سعودی تعلقات اپنی مثال آپ ہیں جو ہر نئے دن کے ساتھ مضبوط سے مضبوط تر ہوتے چلے جا رہے ہیں۔ جنرل قمر جاوید باجوہ کا حالیہ دورہ سعودی عرب بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل قمر جاوید باجوہ نے گزشتہ روز سعودی چیف آف جنرل سٹاف جنرل فیاض بن حامد الرویلی سے ملاقات کی۔ دونوں ملکوں کی عسکری قیادت نے باہمی دلچسپی کے امور اور خطے کی سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ افغان امن عمل میں پیشرفت جبکہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین دفاعی شعبوں میں تعاون بڑھانے کے امور بھی زیر غور آئے ، سعودی عرب کی مسلح افواج کے سربراہ نے جنرل قمر جاوید باجوہ کے جذبات پر اظہار تشکر کرتے ہوئے خطے میں امن کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ جنرل قمر جاوید باجوہ کے سعودی عرب کے دورہ کے دوران ہی وزیر اعظم عمران خان بھی آج سرکاری دورے پر سعودی عرب پہنچ رہے ہیں۔ امید ہے ، عسکری اور سیاسی قیادت کے دورے سے دونوں ملکوں کے درمیان قائم دیرینہ تعلقات مزید مضبوط ہونگے اور وہ عالم اسلام کی رہنمائی و حمایت کے ساتھ اپنی قائدانہ صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔