کورونا,جرمنی لاک ڈاون میں مزید نرمی، سپین نے ہنگامی حالت میں مزید 2 ہفتوں کے لیے توسیع کی منظوری دیدی
جرمنی نے مہلک کورونا وائرس کے کیسز میں کمی کے پیش نظر لاک ڈاون میں مزید نرمی کردی ہے جبکہ سپین کی پارلیمنٹ نے ہنگامی حالت میں مزید دو ہفتوں کے لیے توسیع کی منظوری دیدی ہے۔ جمعرات کو جرمنی کے ذرائع ابلاغ کے مطابق جرمنی کی چانسلر انجیلا مرکل نے کہا ہے کہ اب ملک میں تمام دکانیں کھولی جاسکتی ہیں، لوگ عوامی جگہوں پر ایک دوسرے سے مل سکتے ہیں اور کیئرہومز میں اپنے رشتے داروں سے ملنے جاسکتے ہیں۔ جرمنی میں گرمیوں کی تعطیلات سے پہلے بچے سکول بھی جاسکیں گے اور تعلیمی ادارے کھول دیئے جائیں گے۔ حکام کے مطابق جرمنی میں یورپ کی سب سے بڑی فٹ بال لیگ حکومتی اجازت نامے کے بعد رواں ماہ کے آخر میں دوبارہ شروع ہو جائے گی۔ اس کے بارے میں حکام حتمی تاریخ کا اعلان جلد کریں گے۔ دریں اثناءروسی میڈیکل ٹیم اٹلی سے واپس ملک روانہ ہوگئی ہے۔ روس نے مارچ میں اٹلی میں کورونا وائرس کی وبا سے نمٹنے کے لیے 100 ماہرین پر مشتمل میڈیکل ٹیم اٹلی بھیجی تھی۔ ادھر سپین نے ہنگامی حالت میں دو ہفتوں کے لیے توسیع کا اعلان کیا ہے۔ سپین کی پارلیمنٹ نے ہنگامی حالت میں مزید دو ہفتوں کے لیے توسیع کی منظوری دیدی ہے۔ اس دوران حکومت کو لاک ڈاو¿ن میں نرمی لانے کے بعد نقل و حمل کو محدود رکھنے کے اختیارات حاصل ہوں گے۔