ٹیکس امور کے ماہر شبر زیدی 3 سال کیلئے چیئرمین ایف بی آر مقرر
لاہو ر ( کامرس رپورٹر )وفاقی حکومت نے ٹیکس امور کے ماہر شبر زیدی کو فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کا چیئرمین تعینات کردیا ہے ۔شبر زیدی ٹیکسیشن کے ماہر اور چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ ہیں اور وہ 2013 کے انتخابات سے قبل بننے والی سندھ کی عبوری حکومت میں وزیر بھی رہے ہیں۔سید شبر زیدی کئی کتابوں کے مصنف بھی ہیں جن میں پانامہ لیکس – بلیسنگ ان ڈسگائس- آشور ایسٹس آف پاکستانی سٹیزنز اور پاکستان ناٹ اے فیلڈ اسٹیٹ شامل ہیں۔واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ روز اپنی معاشی ٹیم میں مزید تبدیلی کرتے ہوئے اسٹیٹ بینک کے گورنر طارق باجوہ سے استعفیٰ لیا تھا جبکہ چیئرمین ایف بی آر جہانزیب خان کو بھی عہدے سے ہٹایا گیا۔حکومت نے آئی ایم ایف کے عہدیدار رضا باقر کو آئندہ تین سال کیلئے اسٹیٹ بینک کا گورنر مقرر کیا ۔یف بی آر ذرائع کا کہنا ہے کہ موجودہ ملکی صورتحال میں سید شبر زیدی کیلئے محصولات کا ہدف پورا کرنا نہایت مشکل ہدف ہوگا۔ دریں اثناء نامزد چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی نے نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم نے بہت بڑی ذمہ داری سونپی ہے کوشش کروں گا توقعات پر پورا اتروں ایف بی آر پر لوگوں کا اعتماد کم ہو گیا ہے پورا ماحول اینٹی ٹیکس ہے اسے بہتر کرنا ہوگا۔