بلوچستان عوامی پارٹی صوبائی مسائل حل کرنے کیلئے فیصلے خود کریگی: عبدالقدوس بزنجو
کوئٹہ (بیورو رپورٹ) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ بلوچستان عوامی پارٹی صوبے کے مسائل کے حل کو یقینی بنانے کے لئے اپنے فیصلے خود کرکے اسے ترقی کی راہ پر گامزن کرے گی اور وفاق سے اپنا حق لیکر بلوچستان کی تعمیر و ترقی کو یقینی بنائیں گے بجٹ عوام دوست ہوگا وفاق کی جانب سے 5 ہزار ارب کے بجٹ میں ہمارا حصہ ایک ہزار ارب روپے بنتا تھا تاہم ہمارے لئے 3 سو ارب مختص کئے گئے ہیں جو استعمال نہیں ہو پاتے ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو بلوچستان عوامی پارٹی کے دفتر میں پرچم کشائی کی تقریب کے موقع پر اظہارخیال کرتے ہوئے کیا اس موقع پر صوبائی وزیر تعلیم طاہر محمود خان ‘ پرنس علی احمد بلوچ ‘ مشیر خزانہ ڈاکٹر رقیہ سعید ہاشمی ‘ رکن صوبائی اسمبلی حاجی محمد خان لہڑی ‘ ملک خدا بخش لانگو ‘ میر محمد اسماعیل لہڑی ‘ چوہدری شبیر احمد ‘ رکن قومی اسمبلی دوستین خان ڈومکی ‘ امان اللہ نوتیزئی ‘ جاوید احمد ‘ میر ظفرقمبرانی ‘ بسنت لعل گلشن سمیت دیگر بھی موجود تھے تقریب سے سعید احمد ہاشمی ‘ رکن قومی اسمبلی جام کمال خان ‘ سینیٹر نصیب اللہ خان بازئی ‘ شاہ زمان غلزئی ‘ میر فائق خان جمالی سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ بلوچستان عوامی پارٹی بنانے کا مقصد بلوچستان کو ملک گیر پارٹیوں کی جانب سے مسلسل نظر انداز کرکے صوبہ کی پسماندگی کی جانب دھکیلنے کی وجہ سے پارٹی قائم کی گئی ہے تاکہ ہم اپنے فیصلے خود کرکے صوبہ کی بہتری کے لئے کردار ادا کرسکیں بلوچستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے وفاق سے اپنا حق لیکر عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ کریں انہوں نے کہا کہ ہر دور میں بلوچستان کو نظرانداز کیا گیا موجودہ وفاقی حکومت بھی ہمیں نظرانداز کررہی ہے وفاقی 5 ہزار ارب کے بجٹ میں ہمارا حصہ ایک ہزار ارب روپے بنتا تھا لیکن ہمیں 3 سو ارب روپے دیئے گئے جو خرچ نہیں ہوپاتے جس کی وجہ سے ہماری پسماندگی بڑھ رہی ہے اسی لئے حکومت گزشتہ 3 سال سے این ایف سی ایوارڈ نہیں دے رہی کیونکہ صوبوں کو حصہ زیادہ ملے گا لیکن حکومت اس پر کام نہیں کررہی سی پیک کے حوالے سے بھی ہمیں نظرانداز کیا گیا کیونکہ سی پیک کے لئے بلوچستان میں کوئی منصوبہ نہیں بنایا گیا حالانکہ سی پیک کے میگامنصوبوں میں 50 فیصد وفاق اور 50 فیصد صوبوں نے اس میں خرچ کرنا ہے لیکن پنجاب کے ساتھ وفاق نے تعاون کیا ہمارے ساتھ کوئی تعاون نہیں کیا گیا اور نہ ہی ہمیں فنڈز دیئے گئے ہیں انہوں نے کہا کہ صوبہ میں امن وامان کی صورتحال بہتر ہوئی ہے جہاں سالانہ 5 چھ سو لوگوں کو موت کے گھاٹ اتارا جاتا تھا لیکن آج سیکورٹی فورسز کی جانب سے امن کی بحالی کو یقینی بنایا گیا ہے جو اچھا اقدام ہے انہوں نے کہا کہ منظورپشتون قوم کو تباہ کی جانب لے جارہا ہے انہیں سوچنا ہوگا کیونکہ پاکستان ہے تو ہم ہیں ہم خون خرابے سے جان چھڑانا چاہتے ہیں 20 سال سے قتل و غارت گری کا سلسلہ جاری ہے جس سے معیشت اور زندگی تباہی کی جانب بڑھ رہی تھی کیونکہ منظورپشتون قوم کو بند گلی میں لے جاکر تباہی کی جانب دھکیل رہا ہے انہیں بہتری کی جانب آنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہم بجٹ میں تعلیم صحت پینے کے صاف پانی ‘ یوتھ سمیت دیگر شعبوں کی بہتری کے لئے بہت وسائل فراہم کررہے ہیں یہ عوام دوست بجٹ ہوگا۔ ہم نے گوادر کے لوگوں کو پانی فراہم کرنے کے لئے چین اور ایف ڈبلیو او سے معاہدے کئے ہیں تاکہ لوگوں کو پینے کا صاف پانی فراہم ہو سکے ہم نے ڈھائی ارب روپے پانی کی مد میں دیئے ہیں اور ابھی پھر 50 کروڑ روپے ریلیز کئے ہیں چائنز کے ساتھ معاہدے میں 3 لاکھ گیلن روزانہ پانی ملے گا ہماری کوشش ہے کہ رمضان المبارک میں لوگوں کوپانی ملے اور 20 لاکھ گیلن روزانہ کے حساب سے پانی دیں گے۔ انہوں نے وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کر قاتلانہ حملہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اس کی تحقیقات کرائے تاکہ اصل محرکات عوام کے سامنے لائے جاسکیں۔ تقریب کے اختتام پر وزیراعلیٰ بلوچستان عوامی پارٹی کے دفتر میں پرچم کشائی کی ۔