قصور میں زرعی ٹیوب ویل صارفین کے مسائل کا حل افہام و تفہیم سے نکال لیا ہے : مجاہد پرویز چٹھہ
لاہور(نیوزرپورٹر)چیف یگزیکٹو لیسکو مجاہد پرویز چٹھہ نے اس عزم کا ارادہ کیا ہے کہ قصور میں عرصہ درآز سے چلنے والے زرعی صارفین کے نوے فیصد سے زائد مسائل حل کر دئے ہیں ۔ 15 ہزار سے زائد زرعی ٹیوب ویل صارفین کے2017 سمیت اس سے قبل چلنے والے مسائل کا حل افہام و تفہیم سے نکال لیا ہے ۔زرعی ٹیوب ویل کے تمام بل کو کلئیرکرکے صارفین کو دے دیئے گئے ہیں صارفین کے متنازع بل کو ختم کیا گیا ہے ،کسان اتحاد کے تمام دھڑوں سے میٹنگ کرکے تمام بل جمع کروا لیں گے ۔مجاہد پرویز چٹھہ نے نوائے وقت سے بات کرتے ہوئے کہا کہ لیسکو قصور میں کئی برسوں سے زرعی صارفین کے بل کے مسائل کے حل کے لئے کوشاں ہیں ۔اس سلسلے میں تمام تر اقدامات کئے جارہے ہیں ،ان کا کہنا تھا کہ اوکاڑہ میں زرعی ٹیوب ویل صارفین کے مسائل حل کر لئے گئے ہیں جبکہ قصور میں زرعی ٹیوب ویل صارفین کے مسائل کئے حل کے لئے تمام متنازعہ رقوم کو منہا کرکے تصیح شدہ بل صارفین کے حوالے کردیئے گیے ہیں۔کسان اتحاد کی تمام تنظیموں نے ہمیں یقین دھانی کروائی ہے کہ بل کے تمام واجبات ادا کر دئے جائیں گے ۔ان کا مزید کہنا تھا کہ موبائل میٹر ریڈنگ کو سوفیصد بنا لیا گیا ہے جس سے لائن لاسز کم اور ریکوری سو فیصد سے بڑھ گئی ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ، نادہندگان سے بقایاجات کی وصولی کا عمل تیزی سے جاری ہے ،تمام فیلڈ افسران کو ہدایت دی گئی ہے کہ بجلی چوری پر فوری طور پر FIRsدرج کروائی جائے۔ ان کامزید کہا تھا کہ موسم گرما اور رمضان المبارک کے دوران بجلی کی طلب میں اضافے کے پیش نظرشعبہ آپریشن کے تمام متعلقہ افسران کو ہائی الرٹ جاری کرتے ہوئے ہدایت دی ہے کہ رمضان المبارک کے دوران صارفین کی پاور ڈیمانڈ کومدنظر رکھتے ہوئے پلان تشکیل دیا جائے تاکہ صارفین کو بلاتعطل بجلی فراہم کی جاسکے ۔ چیف ایگزیکٹو نے کہا کہ رقبے اور بجلی کی طلب کے لحاظ سے لیسکو پنجاب کی سب سے بڑی بجلی تقسیم کار کمپنی ہے جس کا بنیادی مقصد اپنے صارفین کی سہولت کے ساتھ ساتھ بجلی کے ترسیلی نظام کو مربوط اور مستحکم رکھنا ہے۔