فنی وتکنیکی تعلیم کے فروغ میں نیوٹیک کی کاوشیں قابل تحسین ہیں:مقررین
لاہور (پ ر) نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن ( نیوٹیک) کے زیر اہتمام بین الاقوامی کانفرنس میں 20سے زائد ممالک کے 35مندوبین نے شرکت کی۔ جس میں برطانیہ، جرمنی ، چین، آسٹریلیا ، جنوبی کوریا، ترکی، ملائیشیا ، سری لنکا ، فلپائن ، قطر ، کویت ، اومان ، ایران، قازقستان ، تاجکستان اور بنگلہ دیش شامل ہیں۔فنی تعلیم و تربیت کے شعبے میں انڈسٹری کا کردار بڑھانے کے موضوع پر ملک کے ممتاز صنعتکاروں نے اظہار خیال کیا اور کئی ترقی یافتہ ممالک کے مندوبین نے اپنے ملکوں کے تجربات سے آگاہ کیا۔اس موقع پر سابق وزیر تعلیم ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے نیوٹیک کے سربراہ اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ فنی تعلیم کے فروغ کیلئے ریسرچ ڈیپارٹمنٹس بنائے جائیں۔ ملت ٹریکٹرز کے چیئرمین سکندر مصطفی نے کہا کہ ہم فنی تربیت کو مارکیٹ کی طلب کے مطابق بنانے میں نیوٹیک سے مکمل تعاون کریں گے۔ سرحد کامرس آف انڈسٹری کے سربراہ زاہد شنواری نے کہا کہ ہمیں نوجوانوں کو فنی تربیت کے ساتھ ساتھ ان کی کردار سازی کیلئے بھی پروگرام ترتیب دینے چاہئیں۔ لاہور وومین چیمبر آف کامرس کی صدر فلاحت عمران نے کہا کہ نیوٹیک خواتین کو ملکی معیشت کے دھارے میں لانے کیلئے ایسے کورسز کروارہا ہے۔ صنعتکارعباس اکبر نے کہا کہ نیوٹیک کی ہمارے فارغ االتحصیل نوجوانوں کو صحیح سمت میں لانے کیلئے کاوشیں قابل تحسین ہیں۔ برطانیہ سے کینتھ بینری ویب نے کہا کہ ہمارے ملک میں افرادی قوت اکیڈیمیہ اور انڈسٹری کی طلب کے مطابق تیار کی جاتی ہے۔ چین کی تیانجن یونیورسٹی کے ڈین چینگ یوآن نے شرکاء کو چین کی ترقی میں ووکیشنل شعبے کی اہمیت کے بارے میں آگاہ کیا۔ آسٹریلیا TAFEکے سی ای او گریک رابرٹسن ،ترکی TIKAکے وائس پریذیڈنٹ بائیروف سٹین اور کوریا کے کیسیونگ ریو نے بتایا کہ کس طرح فنی شعبے کی اہمیت و افادیت کے بروقت ادراک سے اپنے ممالک سے غربت ، بیروزگاری اور محرومی کا خاتمہ کیا ۔ انہوں نے کامیاب بین الاقوامی ٹی ویٹ کانفرنس کے انعقاد پر نیوٹیک کے سربراہ اور ان کی ٹیم کو مبارکباد پیش کی۔ آخر میں نیوٹیک کے سربراہ ذوالفقارچیمہ نے مندوبین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کانفرنس کی سفارشات حکومت ، انڈسٹری کے نمائندوں اور تربیتی اداروں کے سربراہوں کو بھیجی جائیں گی جس سے انہیں آئندہ پالیسی سازی میں بہت مدد ملے گی، اس سے ہمارے ملک کا یہ اہم شعبہ اور مضبوط ہوگا۔