خیرپور حادثات میں7 افراد لقمہ اجل بن گئے‘10 زخمی
خیرپور/گمبٹ(نامہ نگاران)خیرپور کے مختلف مقامات پر روڈ حادثات میں 7افراد جاں بحق 10 زخمی ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق کنب کوٹ ڈیجی لنک روڈ پرانی نیشنل ہائی وے تیز رفتار کار کی دو موٹر سائیکلوں کو ٹکر لگنے کے نتیجے میںموٹر سا ئیکلوں پر سوارافراد شدید زخمی ہوگئے جنہیں ہسپتال منتقل کیا گیا وہاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دونوں زخمی چل بسے۔ادھرنواب شاہ لنک روڈ پر امن بس اسٹاپ کے مقام پردو ٹرکوں اور ٹریکٹر کے مابین کراسنگ کے دوران تصادم کے دوران باندھی کا رہائشی مزدورغلام حیدر زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر دم توڑ گیا اور بونیر کا رہائشی ٹرک ڈارئیور محمد افضل۔صوابی کا رہائشی انور علی ،واحد خان اورگائوں لوئی کا رہائشی ٹریکٹر ڈرائیور منیر زخمی ہوگیا ۔پولیس نے زخمیوں کو نواب شاہ ہسپتال منتقل کیا اور متوفی غلام حیدر کی نعش قانونی کاروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کردی تاہم واقعے کا مقدمہ درج نہیں ہوا ۔ کنب شہر کے تمرانی محلہ میں سات سالہ امیر علی گھر کے باہر پانی کے تالاب میں نہاتے ہوئے ڈوب کر فوت ہوگیا۔بتایا جاتا ہے کہ متوفی روزانہ بچوں لے ہمراہ نہاتا تھا حادثہ کے وقت وہ اکیلا نہارہا تھاکہ ڈوب گیا۔جب کہ چونڈکو کے قریب گائوں سائیدو کا رہائشی دیڑھ سالہ بچہ ظفر بھنبھرو گھر میں رکھی پانی سے بھری بالٹی میں منہ کے بل گرجانے کی وجہ سے بے ہوش ہوگیا ورثاء نے بے ہوشی کی حالت میں بچے کو چونڈکو ہسپتال منتقل کیا وہاں پہنچتے ہی بچے نے دم توڑ دیا تھا ۔ ننگریجہ میں19سالہ شمائلہ گرمی کی شدت برداشت نہ کرتے ہوئے گمبٹ ہسپتال میں دم توڑ گئی ۔گائوں خانن شاہ میں ایک شخص گھروں سامنے بچوں کے ساتھ کھیلنے کے دوران پیر سلپ ہونے سے سھیو واہ میں گرکر ڈوب گیا ۔