ایم کیو ایم پاکستان اور لندن میں فرق نہیں‘ شگفتہ جمانی
حیدرآباد(نمائندہ نوائے وقت) پاکستان پیپلز پارٹی شعبہ خواتین سندھ کی صدر رکن قومی اسمبلی شگفتہ جمانی نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم پاکستان اور ایم کیو ایم لندن ایک ہی جماعت ہے۔ ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے ٹنکی گرائونڈ میں جلسہ ایم کیو ایم لندن کے ایک فون پر طلب کیا گیا تھا۔ایم کیوایم کے جلسے میں جو زبان استعمال کی گئی ہم اس کی مذمت کرتے ہیں۔ یہ باتیں انہوں نے پریس کلب سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم پہلے بھی کراچی اور پاکستان کے لئے مصیبت تھی اور آج بھی مصیبت ہے۔بلاول بھٹو زرداری کے لیاقت آباد کے جلسے نے ایم کیو ایم کا پول کھول دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شاہ محمد کی یادداشت ان کی عمر کے ساتھ کم ہوگئی ہے۔ آصف علی زرداری اور ان کے والد بھی ضیاء الحق کے ساتھ نہیں رہے۔ نوازشریف کے دور حکومت میں آصف علی زرداری کو ناکردہ گناہ کی پاداش میں جیل کی صعوبتیں برداشت کرنا پڑیں اور ان کی زبان کاٹی گئی۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ ملک کی خوشحالی اور عوام کی تر کی بات کی ہے۔ پی پی پی ایک جمہوری جماعت ہے جہاں زور زبردستی کی کوئی بات نہیں ہے۔ پارٹی میں مشورے کلاشنکوف کے زور پر نہیں بلکہ باہمی مشاورت سے کئے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ پر لعنت بھیجنے والے وزیراعظم بننے کے خواب دیکھ رہے ہیں۔اس موقع پر پیپلز پارٹی سندھ کے رابطہ سیکرٹری نعمان شیخ‘ پیپلز پارٹی ضلع حیدرآباد کے صدر صغیر قریشی‘ احسان ابڑو‘ پاشا قاضی‘ صنم تالپور اور دیگر رہنما بھی موجودتھے۔