پیپلز پارٹی نے کرپشن کے ریکارڈ توڑ دئیے‘ راشد شاہ
پیرجو گوٹھ (نامہ نگار) فنکشنل مسلم لیگ کے سندھ کے نائب صدر و رکن سندھ اسمبلی پیر سید محمد راشد شاہ نے کہا ہے کہ پی پی نے ملکی اداروں میں کرپشن کے ریکارڈ توڑ دئیے ہیں اور ان کو تباہی کے دہانے پر لے آئی ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریالو میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے مزید کہاکہ پیپلز پارٹی اسٹیبلشمنٹ کی پیداوار ہے جس نے 10 سال میں کرپشن کا ایک نیا ریکارڈ قائم کیا جس سے ملک کی عوام اور خاص طور پر سندھ کی عوام اور پی پی کے کارکنان میں مایوسی پائی جارہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارے اجداد نے اس ملک کو اپنا خون دے کر حاصل کیا اور ہمیشہ اپنے جانثار حروں کے ہمراہ کل بھی اس ملک کی حفاظت کی اور پاک فوج کے شانہ بشانہ تھے آج بھی ملک کی حفاطت کیلئے تیار ہیں‘ پی پی کی ملک میں لوٹ کھوسٹ کی وجہ سے ملکی ادارے تباہی کے دہانے پر پہنچ چکے ہیں اور وہ دن دور نہیں جب فنکشنل مسلم لیگ افتدار میں آکر اس ملک کوکرپشن سے پاک بنائے گی۔ اس موقع پر پریالو کے بردی برادری کے نبی بخش بردی نے اپنی برادری سمیت پی پی کو الوداع کہہ کر فنکشنل مسلم لیگ میں شمولیت کا اعلان کیا۔ جلسے میں پیرجو گوٹھ‘ پریالو‘ گاڑی موری‘ احمد پور سمیت دیگر شہروں سے بڑی تعداد میں کارکنان نے شرکت کی جبکہ سید نجیب اللہ شاہ راشدی‘ ندیم چنہ‘ ارشاد دھاریجو‘ پیرجو گوٹھ فنکشنل لیگ کے پریس ترجمان نوید الدین کھوکھر بھی موجود تھے۔