ن لیگ حکومت نے توانائی بحران پر قابو پانے کیلئے تیزی سے کام کیا‘ احمد یار ہنجرا
کوٹ ادو(خبر نگار )صوبائی وزیر جیل خانہ جات ملک احمد یار ہنجراء نے کہاہے کہ مسلم لیگ ن کی حکومت نے توانائی بحران پرقابو پانے کیلئے تیزی سے کام کیا اور اپنے دور حکومت میں 10ہزارمیگاواٹ بجلی پیدا کی،موثر اور مثبت اقتصادی پالیسیوں کے نتیجے میں ملک میں اربوں ڈالر کاسرمایہ آیاہے،جیلوں میں اے اور بی کلاس کے بعد ایگزیکٹو کلاس کی سہولت پیدا کرنے کے لئے قانون میں ترمیم کی سفارش کر دی ہے جس کی منظوری چند روز میں دے دی جائے گی ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہنجراء ہائوس میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا، ہم سیاست عبادت سمجھ کر کرتے ہیںاسی لیے عوام ہم پر اعتماد کرتی ہے،انہوں نے کہا کہ حلقے کے عوام باشعور ہیں،شعبدہ بازوں کی چالوں کو سمجھ چکے ہیں، انہوں نے کہا کہ جیلوں میں اے اور بی کلاس کے بعد ایگزیکٹو کلاس کی سہولت پیدا کرنے کے لئے قانون میں ترمیم کی سفارش کر دی ہے جس کی منظوری چند روز میں دے دی جائے گی، اس ایگزیکٹو کلاس میں اپنے کپڑے، اپنا بیڈ، میٹریس، شوز، ٹیبل، کرسیاں، ٹیلی ویژن، ریڈیو، ٹوائلٹ کا سامان، اخبارات اور دیگر سہولتیں صوبائی حکومت کی اجازت سے جیل میں فراہم کی جائیں گی، ایگزیکٹو کلاس کی سہولت جیل میں جن قیدیوں کو دی جائے گی ان میں ممبر قومی اسمبلی صوبائی اسمبلی رہنے والے، فوج و سول کے کمشنڈ آفیسر، سال میں 6 لاکھ سے زیادہ ٹیکس دینے والے ا فراد، یونیورسٹی سے ماسٹر ڈگری ہولڈر شامل ہیں جبکہ انڈر ٹرائل قیدیوں کے لئے عام کلاس‘ بہتر کلاس کے علاوہ پولیٹیکل کلاس بھی بنانے کی منظوری دی جارہی ہے۔