مسلم امہ کی پستی کا سبب قرآن پاک سے دوری ہے: مدرس مسجد نبوی
خانیوال (نمائندہ خصوصی) ا مت مسلمہ کی پستی اور بربادی کا بنیادی سبب قرآن سے دوری ہے مسلم امہ اگر آج بھی سربلندی اور سرخروئی چاہتی ہے تو اسے قرآن کی تعلیمات کے مطابق زندگی گزارتے ہوئے اللہ رب العزت کی طرف رجوع کرنا ہوگا ‘ہم نے عملا قرآن کریم اورشریعت اسلامی کو پس پشت ڈال دیا ہے اور یہ ہی امت مسلمہ کی تنزلی اور بربادی کا بنیادی سبب ہے ۔ان خیالات کا اظہارسابق مدرس مسجد نبوی سکالر فضیلۃ الشیخ قاری صہیب احمد میر محمدی نے المجلس الاسلامی پاکستان کے زیر اہتمام ملک کی معروف دینی دانش گاہ جامعہ سعیدیہ سلفیہ خانیوال کی مسجد جامع الحسنات میں سالانہ امتحانات کے نتائج کے موقع پر منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام ایک عالمگیر اور قیامت تک باقی رہنے والا مذہب ہے جو کہ نہ صرف معاشرہ اور افراد معاشرہ کو امن وامان کی ضمانت دیتا ہے بلکہ اس روئے زمین پربسنے والے جانوروں کے حقوق کا بھی درس دیتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ جب تک قرآن کریم کو اپنے لیے منشور اور دین اسلام کو اپنا اوڑھنا بچھونا نہیں بناتے اپنی زندگیوںکو اسوۃ رسول کے مطابق نہیں ڈھالتے اس وقت تک عالم کفر کے ظلم واستبداد سے خلاصی ممکن نہیں۔ ڈاکٹر حافظ مسعود عبدالرشیداظہر رئیس المجلس الاسلامی باکستان وناظم تعلیمات مرکزیہ پنجاب نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امسال شعبہ حفظ القرآن کے امتحانات ملک کے معروف قاری عزیز احمد نے لئے جامعہ سعیدیہ سلفیہ خانیوال میں امتحانات میں شرکت کرنے والے طلبہ کی کل تعداد 131 رہی ‘ جامعہ سعیدیہ سلفیہ خانیوال میں وفاق المدارس السلفیہ خانیوال کے تمام مراحل جن میں عامہ خاصہ عالیہ اور عالمیہ شامل ہیں کی تعلیم جاری ہے اسی طرح مسجد نبوی سعودی عرب کی تعاون سے امام مسجد نبوی شیخ عبدالمحسن القاسم کی زیر نگرانی جامعہ میں حفظ متون کی کلاسیں بھی جاری ہیں جسکا آن لائن امتحان ہوتا ہے اور اسکی اسناد مسجد نبوی سے جاری ہوتی ہیں ۔ تقریب سے مولانا محمد ہاشم یزمانی ، مولانا حافظ محمود اظہر ، حافظ محمد یحی فاروق ، مولانا عمران فردوسی ، مولانا ابوبکر سلفی ، قاری محمد انس سعیدی ، میاں عارف شاہین ، میاں محمد اقبال اور دگر نے بھی خطاب کیا ۔ بعد ازاں مہمان خصوصی نے اپنی دست مبارک سے طلباء میں انعامات تقسیم کئے ۔