نواز شریف سیاست میں خود خلائی مخلوق کی پیداوار ہیں: مقررین
لاہور (خصوصی نامہ نگار) جمعیت علما پاکستان پنجاب کے زیر اہتمام ہونے والے نظام مصطفی ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے واضح کیا ہے کہ مستقبل دینی قوتوں کا ہے ۔ 2018ء کے انتخابات میںمتحدہ مجلس عمل کے امیدواروں کو کامیاب کرائیں گے، سیکولر قوتیں ناکام ہوں گی۔ ہر سطح پر اتحاد و اتفاق کو برقرار رکھا جائے گا۔ خلائی مخلوق کے اصطلاح پر متعلقہ اداروں کو اپنی پوزیشن واضح کرنی چاہیے۔ عوام ریاستی اداروں کا صرف آئینی کردار ہی تسلیم کرتے ہیں۔جوکہ ملکی سلامتی کا تحفظ اور عالمی سازشوں کا مقابلہ ہے۔ اندرونی سیاسی معاملات میں کسی ایجنسی یا خلائی مخلوق کا کوئی کردار نہیں۔ سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف سیاست میں خود خلائی مخلوق کی پیداوار ہیں، جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے انہیں اپنے دل کے راز قوم کے سامنے رکھنے چاہیں۔ مارشل لا اور ایجنسیوں کے سیاسی کردار کی کوئی گنجائش ہے اور نہ ہی کوئی جمہوری قوت آئین سے کوئی کھلواڑ قبول کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار الحمرا ہال میںنظا م مصطفی ورکرزکنونشن میں جے یو پی کے مرکزی صدراور متحدہ مجلس عمل کے نائب صدرپیر اعجاز احمدہاشمی اور سیکرٹری جنرل شاہ اویس نورانی کنونشن کی صدار ت مولانا نوراحمد سیال محمد احمد میاں، پیر محفوظ مشہدی، ڈاکٹر جاوید اختر، مولانا سردار محمد خان لغاری، طارق منیر بٹ، مقبول حسین بخاری اور دیگر نے بھی خطاب کرتے ہوئے کیا۔