ٹور میچ: پاکستان نے نارتھمپٹن شائر کے خلاف پوزیشن مستحکم کر لی
ملتان( سپورٹس ڈیسک) پاکستان نے نارتھمپٹن شائر کے خلاف 4روزہ ٹور میچ میں پوزیشن مستحکم کرلی ہے ۔ نارتھمپٹن میںجاری میچ کے تیسرے روز میزبان ٹیم دوسری اننگز میں 240رنز پر 5وکٹیں گنوا کر محض 71رنز کی برتری حاصل کرلی ہے۔ کپتان اور اوپنر روب نیوٹن 11 چوکوں کی مدد سے 102رنز پر کھیل رہے ہیں۔ جوش کوب 52اور ایڈم روسنگٹن 42پر آؤٹ ہوگئے پاکستان کے شاداب خان اور راحت علی 2، 2محمد عباس نے ایک وکٹ حاصل کی۔ اس سے قبل پاکستان نے 357رنز 7وکٹ پر پہلی اننگز دوبارہ شروع کی اور ٹیم نے 428رنز کامجموعہ حاصل کیا۔ اسد شفیق 16چوکوں اور 6چھکوں کی مدد سے 186پر ناٹ آؤٹ رہے۔ محمد عامر 16اور محمد عباس نے 14رنز بنائے۔ نارتھمپٹن کے روب کیوگ اور سٹیون کروک نے 4، 4وکٹ لئے۔