دکھی انسانیت۔ خدمت خلق
بیوہ‘ یتیم‘ نادار‘ مفلس اور معذور افراد وہ لوگ ہیں جن کے طفیل‘ اﷲ تعالیٰ ہمیں رزق دیتا ہے۔ نوازتا ہے‘ برکت اور رحمت نازل کرتا ہے جن گھروں میں ایسے لوگ بستے ہیں اور جو لوگ ایسے افراد کی دیکھ بھال کر ر ہے ہیں اہل نظر کی نگاہ میں وہ عظیم لوگ ہیں۔
خدمت خلق ایک مقدس جذبہ ہے جس کی تحریک کے لئے کسی رہبر کی ضرورت نہیں پڑتی۔ یہ تو دل کا سودا ہے اور رضاکارانہ طور پر کیا جاتا ہے ۔ ایک رضا کار دل سے عہد کرتا ہے کہ وہ دکھی انسانیت کی خدمت کے لئے ہر ممکن کوشش کریگا۔ وہ مخلوق کی خدمت کرتے ہوئے تھکتا نہیں ہے۔ بیزار نہیں ہوتا ۔ دکھاوے اور نمائش سے کوسوں دور بھاگتا ہے۔ ایسے لوگ دل میں خوف خدا لئے دکھی انسانیت کی خدمت کرتے ہیں اور ایسے لوگوں کی وجہ سے ہی دنیا خوبصورت ہے۔ محتاجوں کے کام آنا‘ بھوکے کو کھانا کھلانا‘ اپاہجوں اور یتیموں کی سرپرستی کرنا‘ یہ وہ نیکیاں ہیں جو امن و آشتی اور انس و الفت کے پھول بکھیرتی ہیں۔ اور دلوں کو تسکین دیتی ہیں۔
نیکی کے اس حوالے سے لیو فاؤنڈیشن کے چیئرمین ساجد جمیل اور ان کے دوسرے رفقائے کار مبارک باد کے مستحق ہیں جنہوں نے بغیر کسی غرض کے سپیشل افراد کو وہیل چیئر مہیا کرنے اور انہیں گھر سے باہر کی دنیا میں حصہ لینے کے قابل بنانے کا بیڑا اٹھایا ہوا ہے اور اپنے محدود ذرائع کے باوجود بڑی ہمت ‘ بڑے حوصلے کے ساتھ یہ عظیم کام جاری رکھ ہوئے ہیں۔
اس دور میں روڈ ایکسیڈنٹ یا قدرتی آفات کی وجہ سے لاکھوں جسمانی اور ذہنی معذور افراد اپنے گھروں میں زمین پر گھسیٹ گھسیٹ کر چلنے پر مجبور ہیں ‘ ہزاروں خصوصی بچے صرف وہیل چیئر میسر نہ ہونے کی وجہ سے سکول کی تعلیم سے محروم ہیں ۔ مسلسل گھر رہنے اور باہر کی دنیا سے ناآشنائی کی وجہ سے ان میں مایوسی پائی جاتی ہے۔ اور ہمارے معاشرے کے منفی رویے ان کی مشکلات میں اور اضافہ کر دیتے ہیں حالانکہ خصوصی افراد بھی قوم و ملک کی اجتماعی ترقی میں بھرپور کردار ادا کر سکتے ہیں ۔
لیو فائونڈیشن یہ ایک غیر سرکاری‘ غیر سیاسی اور غیر منافع بخش تنظیم ہے جو 2005ء سے کام کر رہی ہے۔ یہ تنظیم خصوصی افراد کو وہیل چیئر ‘ ٹرائی سائیکل‘ بیساکھی اور وائٹ کین بغیر کسی معاوضے کے مہیا کرتا ہے اب تک ہزاروں افراد اس سے مستفید ہو چکے ہیں۔ 2008ء میں ملتان میںپہلی بار وہیل چیئر کرکٹ ٹورنامنٹ منعقد کرانے کا اعزاز بھی لیو فاونڈیشن کو حاصل ہے۔ 2009ء میں نیشنل وہیل چیئر کرکٹ چیمپئن شپ بھی لیو فاؤنڈیشن کے حصے میں آئی ۔ فاؤنڈیشن کو خصوصی افراد کی خدمات کے صلے میں حکومت پاکستان اور پاکستان بیت المال کی طرف سے گولڈ میڈل سے نوازا گیا۔ اس نے فوڈ بنک کے نام سے ایک اور تحریک شروع کر رکھی ہے جس کے تحت مستحق افراد کو ہر مہینے کم از کم دو ہرار روپے تک کا خشک راشن مہیا کیا جاتا ہے۔
اس کار خیر میں زیادہ سے زیادہ حصہ لینا چاہیے اور اپنے دوست احباب کو بھی اس میں شامل کیجئے کہ ۔
کیونکہ
یہی ہے عبادت یہی دین و ایماں
کہ کام آئے دنیا میں انساں کے انساں