پاکستان میں سیاسی اور معاشی صورتحال مستحکم ہے: اعزاز چودھری
نیو یارک /اسلام آباد ( آئی این پی ) امریکہ میں تعینات پاکستانی سفیر اعزاز چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان میں سیاسی اور معاشی صورتحال مستحکم ہے، امریکی تاجروں کو پاکستان میں موجودہ سرمایہ کاری دوست ماحول سے فائدہ اٹھانا چاہیے ان کا امریکہ کی دوسری بڑی ریاست ٹیکساس کا دورہ پاکستانی امریکی کمیونٹی اور امریکی حکام کے درمیان تعلقات کی بہتری کا باعث بنے گا۔ ریاست ٹیکساس کے تین روزہ دورے پر اعزاز چوہدری پاک امریکہ تعلقات کے حوالے سے اکیڈمی آف لیٹرز کی جانب سے ڈائیلاگ میں حصہ لیا۔ ہیوسٹن میں پاکستانی کونسل جنرل عائشہ فاروقی نے کہا کہ ان کے دورے سے ہیوسٹن میں بسنے والے پاکستانیوں کو نئی جہت ملے گی ۔ پاکستانی سفیر نے 5 مئی ڈیلاس میں پاک امریکن بزنس فورم سے خطاب کے دوران دونوں ممالک کے درمیان تجارت کو بڑھانے کے حوالے سے اظہار خیال کیا۔ پاکستانی سفیر نے کانگریس پیٹا سیشنز کے ہائوس رولز کمیٹی کے ریاست ٹیکساس کے سیکرٹری رونالڈو پلبوس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وقتی مفادات کی خاطر دونوں ممالک کے صدیوں پر محیط مضبوط تعلقات کو پس پشت نہیں ڈالنا چاہیے۔ پاکستان امریکہ کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور توقع رکھتا ہے کہ امریکہ بھی پاکستانی رائے کو برابری کی بنیاد پر اہمیت دے گا۔