انسٹیٹیوٹ آف میری ٹائم افیئرز اور بحریہ یونیورسٹی کے زیر اہتمام میری ٹائم سمپوزیم آج ہو گا
اسلام آباد( سٹاف رپورٹر) انسٹیٹیوٹ آف میری ٹائم افیئرز اور بحریہ یونیورسٹی کے زیر اہتمام آج پیر کے روز ایک روزہ "انٹرنیشنل میری ٹائم سمپوزیم "کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ ’’ بحرِ ہند کے خطے ، اس سے ملحقہ علاقوںکی اقتصادیات اور پاکستان کے لیے ترقی کے امکانات پر بیلٹ اینڈ روڈ انیشییٹو کے اثرات ‘‘ اس سمپوزیم کا موضوع ہے۔ سمپوزیم میں قومی اور بین الاقوامی، معروف مقر رین حصہ لینگے۔ عالمی طاقتوںکی دلچسپیوں کی مغرب سے مشرقی خطے کی طرف منتقلی ، تیزی سے بدلتے ہوئے اقتصادی اور سیاسی منظر نامے کی وجہ سے اس سمپوزیم کا انعقاد نہایت اہمیت کا حامل ہے۔مزید برآں ، ماہرین کا خیال ہے کہ چین کا بیلٹ اینڈ روڈ انیشییٹو اور اس سے جڑے خطے اور بیرونی قوتوں کے مفادات، انڈین اوشن ریجن کے مستقبل پر اثر انداز ہونے والے اہم ترین عناصر ہیں۔ اس تناظر میں ، خطے میں ظہور پذیر رجحانات اور قومی و علاقائی سطح پر بیلٹ اینڈ روڈ انیشییٹو کے ممکنہ اثرات کو سمجھنا بھی سمپوزیم کا ایک اہم مقصد ہے۔ سیاسی و جغرافیائی صورتحال ، دفاعی معاملات اور سیکیورٹی عوامل کے تناظر میں جغرافیائی اقتصادیات سمپوزیم کے شرکاء کی توجہ کا مرکز ہوںگی۔ اس سمپوزیم سے نہ صرف پاکستان کی اقتصادی اور سیکیورٹی صورتحال پر بیلٹ اینڈ روڈ انیشییٹوکے فوائد سامنے آئیں گے بلکہ یہ بحری امور بالخصوص انڈین اوشن ریجن میں ابھرتے ہوئے نئے رجحانات سے متعلق شعور اجاگر کرنے میں بھی معاون ثابت ہوگا۔