اسلام آباد کی تمام مارکیٹوں میں کئی سالوں سے ترقیاتی کام نہیں کئے گئے
اسلام آباد ( خبرنگار) ٹریڈرز ویلفیئر ایسوسی ایشن جی ٹین فور کے ایک وفد نے ایسوسی ایشن کے صدر چوہدری ظفراقبال گجر کی قیادت میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اور چیمبر کے صدر شیخ عامر وحید، سینئر نائب صدر محمد نوید اور نائب صدر نثار مرزا کو اپنی مارکیٹ کے مسائل سے آگاہ کیا۔ وفد میں ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری عثمان خان اور گروپ لیڈر چوہدری عرفان سمیت دیگر عہدیداران و تاجر شامل تھے۔ وفد سے خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ عامر وحید نے کہا کہ جی ٹین فور سمیت اسلام آباد کی تمام مارکیٹوں میں کئی سالوں سے ترقیاتی کام نہیں کئے گئے جس وجہ سے تاجر برادری کو مشکلات کا سامنا ہے۔ لہذا انہوں نے سی ڈی اے پرزور دیا کہ وہ اسلام آباد کی مارکیٹوں میں ترقیاتی کام جلد شروع کرے تا کہ تجارتی سرگرمیوں کو بہتر فروغ ملے۔ انہوں نے سی ڈی اے سے مطالبہ کہا کہ وہ جی ٹین فور مارکیٹ کو ملانے والا پل جلد از جلد تعمیر کرے کیونکہ پل نہ ہونے کی وجہ سے تاجروں کو کئی مسائل کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قانون کرایہ داری کی عدم موجودگی کی وجہ سے اسلام آباد میں بے دخلیوں کے واقعات سنگین ہوتے جا رہے ہیں اور تاجر اپنے مستقبل کے بارے میں پریشان ہیں ۔ لہذا انہوں نے حکومت سے پرزور مطالبہ کیا کہ وہ قانون کرایہ داری کا ترمیمی بل جو عرصہ دراز سے قومی اسمبلی میں پڑا ہوا ہے اپنی مدت ختم ہونے سے پہلے پہلے پارلیمنٹ سے پاس کرائے تا کہ تاجروں کا یہ دیرینہ مسئلہ حل ہو۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ مارکیٹ کے مسائل حل کرانے کیلئے چیمبر جی ٹین فور کی ایسوسی ایشن کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرے گا۔