سلمان بٹ نے کامران اکمل کا زیادہ لسٹ اے سنچریوں کا ریکارڈ توڑ دیا
فیصل آباد(آئی این پی)قومی ٹیم کے اوپننگ بلے باز سلمان بٹ نے لسٹ اے کرکٹ میں زیادہ سنچریاں بنانے کا وکٹ کیپر بلے باز کامران اکمل کا ریکارڈ توڑ دیا ۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیر اہتمام اقبال سٹیڈیم فیصل آباد میں کھیلے گئے پاکستان ون ڈے کپ میں سابق کپتان سلمان بٹ نے سندھ کی نمائندگی کرتے ہوئے پنجاب کے خلاف91گیندوں پر17چوکوں کی مدد سے101رنز کی شاندار اننگز کھیلی ۔یہ 33سالہ سلمان بٹ کی لسٹ اے کرکٹ میں 22ویں سنچری تھی جس کیساتھ ہی وہ زیادہ لسٹ اے سنچریاں سکور کرنیوالے قومی بلے بازوں کی فہرست میں تیسرے نمبر پر آگئے ہیں ۔ ٹیسٹ اوپنر سلمان بٹ اب تک 192لسٹ اے میچز کی190اننگز میں 44.98 کی اوسط سے 7873رنز سکور کرچکے ہیں جس میں22سنچریاں اور41نصف سنچریاں شامل ہیں ۔