وفاقی وزیر داخلہ پر قاتلانہ حملہ کی شدید مذمت کرتے ہیں ‘ علامہ ساجد نقوی
اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی)قائد ملت جعفریہ پاکستان ‘ متحدہ مجلس عمل پاکستان کے مرکزی نائب صدر علامہ سید ساجد علی نقوی نے وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال پر انکے حلقے نارووال کے علاقے کنجروڑ میں کارنر میٹنگ کے بعدقاتلانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ وزیر داخلہ ملک کی داخلی سیکورٹی کا ذمہ دار ہے اور انتخابات کے ماحول میں امن و امان کے ذمہ دار پر حملہ ہونا تشویشناک ہے۔علامہ ساجد نقوی نے مزید کہا کہ آپریشن ردالفساد کے ہوتے ہوئے وزیر داخلہ پر حملہ سے ملک میں امن و امان کی صورتحال کی سنگینی بڑھ گئی ہے اور اتنی سیکورٹی کے باوجود حملہ آور کا وزیر داخلہ احسن اقبال پر فائرنگ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ناقص کارکردگی پر سوالات کھڑے ہوگئے ہیں ۔علامہ ساجد نقوی کا کہنا تھا کہ قومی انتخابات سے قبل سیاسی شخصیات پر اس قسم کے حملوں سے انتخابی عمل کو نقصان پہنچنے کاخدشہ ہے علاوہ ازیں اس قسم کے افسوسناک واقعات سے ملک کی داخلی صورت حال کو شدید خطرات لاحق ہوسکتے ہیں۔آخر میں علامہ ساجد نقوی کا کہنا تھا کہ بدامنی کے ایسے ماحول میں شفاف اور پرامن انتخابات کا انعقاد ایک خواب بن کر رہ جائے گا جس کے لئے ضروری ہے کہ ملک کی تمام سیاسی جماعتوں کے رہنمائوں کو فول پروف سیکورٹی مہیا کی جائے اور ملک میں پرامن ماحول کی فضا قائم کرنے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں۔ علامہ ساجد نقوی نے احسن اقبال کی جلد صحت یابی کی دعا کرتے ہوئے واقعہ میں ملوث افراد کو بے نقاب کرکے شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کرکے حقائق منظر عام پر لانے کا مطالبہ کیا۔