پاکستان آئرلینڈ ٹیسٹ دیکھنے کیلئے نجم سیٹھی آج انگلینڈ جائینگے
لاہور (سپورٹس ڈیسک )پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی پاکستان اور آئرلینڈ کے درمیان 11 مئی سے ہونے والا تاریخی ٹیسٹ میچ دیکھنے کے لئے آج انگلینڈ روانہ ہوں گے۔ذرائع کے مطابق چیئرمین پی سی بی انگلینڈ میں چند روز قیام کے بعدآئرلینڈ جائیں گے اور ڈبلن میں ہونیوالا ٹیسٹ دیکھیں گے۔ٹیسٹ سٹیٹس ملنے کے بعد آئرلینڈ کا پہلا ٹیسٹ ہے جو گرین شرٹس کے ساتھ کھیلا جائیگا،نجم سیٹھی اپنے دورہ آئرلینڈ کے دوران وہاں کے کرکٹ حکام سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔ پی سی بی چیئرمین ملاقات میں آئرلینڈ اور پاکستان کی باہمی سیریز پر بھی بات چیت کریں گے اور انہیں پاکستان آکر سیریز کھیلنے کی دعوت دی جائے گی۔نجم سیٹھی اپنے دورہ انگلینڈ و آئرلینڈ کے دوران پاکستان‘ بھارت متنازع سیریز کیس پر وکلاء سے ملیں گے۔