لسانی سیاست کا کھیل نہیں چلنا چاہیے کراچی کی روشنیاں جماعت اسلامی بحال کرائے گی : سراج الحق
کراچی (نیوز رپورٹر)جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ ہم کراچی کے نوجوانوں کی قوت اور طاقت سے کراچی کو تعلیم یافتہ اور خوشحال شہر بنائیں گے ، عوام کے تمام مسائل کا حل نظام مصطفی ہے ، لسانی سیاست سے کراچی تباہ و برباد ہوچکا ہے ، اب دوبارہ اس لسانی سیاست کا کھیل نہیں چلنا چاہیئے ، کراچی کے نوجوانوں کو متحد اور متحرک کیا ہے ، اب یوتھ لیڈر شپ کراچی کے حالات تبدیل کرے گی ،ہم آئندہ الیکشن میں 50فیصد ٹکٹ نوجوانوں کو دیں گے اور نوجوانوں کو حقیقی معنوں میں آگے لائیں گے ۔ہم غریب اور مزدور افراد کو اسمبلی اور سینٹ میں پہنچائیں گے ، جماعت اسلامی ان کی پشت پر ہوگی ۔ ہم نوجوانوں کو مایوسی سے نکالیں گے اور ان کو روزگار فراہم کریں گے ، بے روزگار نوجوانوں کو روزگارالاو¿نس دیں گے ، تعلیم کو مفت اور عام کریںگے۔ بے گھر افراد کو گھر فراہم کریں گے ، تعلیم کے لیے قومی بجٹ کا 7فیصد حصہ مختص کریں گے ، بزرگوں کو بھی عزت و احترام دیں گے اور 70سال سے زیادہ مردو خواتین کو بڑھاپا الاو¿نس دیں گے ، لوگ کہتے ہیں کہ اتنا پیسہ کہاں سے آئے گا ، ہم کہتے ہیں کہ اگر ملک کے اندر کرپشن کو کنٹرول کرلیں تو نہ صرف ملک کا قرضہ ختم ہوسکتا ہے بلکہ عوام کو بھی خوشحالی میسرآسکتی ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے باغ جناح گراو¿نڈ میں کراچی یوتھ کنونشن سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ۔کنونشن سے نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان اسد اللہ بھٹو ،جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافط نعیم الرحمن ، نائب امیر جماعت اسلامی کراچی ڈاکٹر اسامہ رضی ،جے آئی یوتھ پاکستان کے صدر زبیر احمد گوندل ،جے آئی یوتھ کراچی کے صدر حافظ بلال رمضان ، جے آئی یوتھ منارٹی ونگ کراچی کے صدر راشد پرویز اور دیگر بھی خطاب کیا ۔اس موقع پرمرکزی ڈپٹی سکریٹری جنرل اقبال اظہر اور دیگر رہنما بھی موجود تھے ۔سراج الحق نے خطاب کرتے مزید کہا کہ کراچی یوتھ الیکشن میں منتخب ہونے والی یوتھ لیڈر شپ اور اس پروگرام اور منصوبے کو عملی جامہ پہنانے والوں کو میں مبارکباد پیش کرتاہوں ، یوتھ کی طاقت ایٹم بم کی طاقت سے زیادہ طاقت ور ہے ،آج یہ یوتھ کلین اینڈ گلین کراچی اور پاکستان کا عزم کرتے ہیں،آج یہ نوجوان اعلان کررہے ہیں کہ ان کے ہیروڈاکٹر عبد القدیر خان اور محمودغزنوی ہیں ، آج یہ نوجوان عزم کرتے ہیں یہ قائد اعظم اور علامہ اقبال کے خوابوں کے مطابق یہ ملک بنائیں گے ، جن مقاصد کے حصول کے لیے یہ ملک حاصل کیا گیا تھاان مقاصد کو پورا کیا جائے گا۔ انہوںنے کہاکہ ہم ناروال میں وزیر داخلہ احسن اقبال پر حملے کی مذمت کرتے ہیں اور واضح کرتے ہیں کہ ہم گولی کی سیاست کو مسترد کرتے ہیں ، جس ملک کے اندر وزیرداخلہ محفوظ نہ ہو اس ملک میں عوام کس طرح محفوظ ہوں گے ، یہ حملہ اس نظام کی ناکامی ہے ، ملک کے اندر سے گولی اور لاشوں کی سیاست کو ختم کرنے اور مسترد کرنے کے لیے ہم سب کو مل کر جدوجہد اور عزم کرنا ہوگا ، ہم احسن اقبال سے اظہار ہمدردی کرتے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ کراچی کے نوجوان متحد اور کھڑے ہوگئے ہیں اب ان نوجوانو ں کو کوئی طاقت نہ اپنا غلام بناسکتی ہے اور ان کی قوت اور طاقت کو ختم کرسکتی ہے ۔انہوں نے کہاکہ ملک سے کرپشن صرف جماعت اسلامی ہی ختم کرسکتی ہے کیونکہ ہماری قیادت کرپشن سے پاک قیادت ہے ، عوام جماعت اسلامی کا ساتھ دیں اور اپنے ووٹ کی طاقت سے کرپشن کے بت کو پاش پاش کردیں اور جماعت اسلامی کو کامیاب کرائیں ۔حافظ نعیم نے کہا کہ ایم کیو ایم نے اپنی پوری تاریخ میں کراچی میں بجلی اور پانی کی فراہمی کے لیے کبھی کوئی ہڑتال نہیں کی۔کے الیکٹرک کو ایم کیو ایم نے مشرف کے ساتھ مل کر اور پھر زرداری نے بھی ایم کیو ایم کے ساتھ مل کر دوسری بار اسے فروخت کیا لیکن عوامی مسائل اور ریلیف کے لیے ان دونوں جماعتوں نے کچھ نہیں کیا۔کراچی کے حقوق کا دم بھرنے والے ٹنکی پر نوٹنکی لگائے ہوئے ہیں اور شہر کے اندر ایک بار پھر نفرت اور عصبیت کی بات کر کے عوام کو دھوکا دینے کی کوشش کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ نواز نے کراچی کو کبھی اپنا شہر سمجھا ہی نہیں وہ صرف لاہور کو ہی پاکستان سمجھتے ہیں ،وفاقی حکومت نے آج تک کراچی کو اس کا حق نہیں دیا،پیپلز پارٹی برسوں سے سندھ پر حکمران ہے لیکن اس نے بھی کراچی کو صرف لوٹ مار کرنے کا سامان بنایا ہوا ہے ۔کراچی کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا ہے اور تباہ وبرباد کیا ہے ۔ آج پیپلز پارٹی کو بھی کراچی کے مسائل کے لیے پیٹ میں درد ہورہا ہے ، دس سالوں میں پیپلز پارٹی نے کراچی کے لیے کیا کیا اس کا جواب دینا والا کوئی نہیں۔ جماعت اسلامی کراچی کے تشخص اور شناخت کو ختم نہیں ہو نے دے گی ۔ کراچی کی رشنیوں کو بحال کرائے گی ۔ یوتھ لیڈر شپ اس جدو جہد میں پیش پیش ہو گی ۔ یہ نوجوان نچلی سطح پر ہر یوسی میں عوامی مسائل کے حل کی جدوجہد کریں گے ۔
سراج الحق