اہل سنت جما عتوں کے اتحا د کا ملک گیر نظام مصطفیٰ مہم چلا نے کا اعلان
لاہور (نمائندہ نوائے وقت) ہل سنت جماعتوں کے گرینڈ الائنس " نظام مصطفے محاذ " نے ملک گیر " ووٹ فار نظام مصطفے مہم " چلانے کا اعلان کر دیا۔ مہم کے دوران ملک بھرمیں عوامی اجتماعات منعقد کئے جائیں گے۔ الیکشن میں بھرپور حصہ لینے کے لئے امیدوار فائنل کر لئے گئے۔ 14 مئی کو لاہور میں مشائخ کنونشن منعقد کیا جائے گا۔ گدی نشیں مشائخ سے رابطوں کے لئے کمیٹیاں تشکیل دے دی گئیں۔ رمضان المبارک کے دوران افطار پارٹیوں کی صورت میں رابطہ عوام مہم جاری رہے گی۔ انتخابی حکمت عملی تیار کرنے کے لئے " الیکشن سیل " قائم کر دیا گیا۔ دوسری جماعتوں کے ساتھ سیٹ ایڈجسمنٹ کے لئے مشاورت مکمل کر لی گئی۔ اس بات کا فیصلہ نظام مصطفے متحدہ محاذ کی مرکزی ایگزیکٹو کونسل کے اجلاس میں کیا گیا۔ یہ اجلاس لاہور میں جے یو پی نورانی کے دفتر میں نظام مصطفے محاذ کے چیئرمین اور سابق وفاقی وزیر صاحبزادہ سید حامد سعید کاظمی کی صدارت اور محاذ کے صدر صاحبزادہ ڈاکٹر ابو الخیر محمد زبیر کی میزبانی میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں محاذ کے سرپرست اعلی پیر سید منور حسین شاہ جماعتی ، جے یو پی نورانی کے صدر ڈاکٹر ابو الخیر محمد زبیر ، پاکستان سنی تحریک کے سربراہ ثروت اعجاز قادری ، جے یو پی نیازی کے مرکزی سیکریٹری جنرل ڈاکٹر امجد حسین چشتی ، قومی اسمبلی کے سابق رکن پیر میاں جلیل احمد شرقپوری ، سنی اتحاد کونسل کے محمد نواز کھرل ، جے یو پی نورانی کے سیکریٹری جنرل پیر سید محمد صفدر شاہ گیلانی ، پیر سید شاہد حسین گردیزی ، شاداب رضا نقشبندی ، مفتی محمد حبیب قادری ، صاحبزادہ عبدالمصطفے چشتی ، مفتی محمد مقیم خان اور دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صاحبزادہ سید حامد سعید کاظمی نے کہا کہ اہل سنت جماعتوں کا اتحاد انتخابی سیاست میں اہم کردار ادا کرے گا۔ نظام مصطفے محاذ اہل سنت کا نمائندہ اور متحدہ سیاسی پلیٹ فارم ہے اس گرینڈ الائنس کو ملک بھر کے مشائخ ، علماء اور تمام اہل سنت جماعتوں کی تائید و حمایت حاصل ہے۔ قوم الیکشن میں ختم نبوت کے غداروں نہیں وفاداروں کو ووٹ دے گی۔ اجلاس میں عوامی مسائل کے حل کے لئے چیف جسٹس کے عوام دوست اقدامات کی تحسین کی گئی اور دہشت گردی کے خاتمے کے لئے پاک فوج کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔
نظام مصطفیٰ محا ذ