کراچی کو دوبارہ لسانیت کی بھینٹ نہیں چڑھنے دینگے‘ علی اکبر گجر
کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ (ن) سندھ کے نائب صدر علی اکبر گجر نے کہا ہے کہ کراچی کے وسائل کو نوچ کھانے والوں کو دوبارہ سندھ کی حکومت پر قابض نہیں ہونے دیں گے‘ کراچی کے ہزاروں گھرانوں کے نوجوانوں کو لسانیت کی بھینٹ چڑھانے والوں کی سیاست نے سندھ کا امن بھائی چارہ اور حب الوطنی سب کچھ دائو پر لگا کر اپنے کاروبار‘ پلازے‘ بلڈنگیں اور ناجائز قبضے پکے کئے‘ پاکستان کی تاریخ میں کراچی کے شہریوں کو ساتھ جو سلوک کیا گیا اسے دہرانے کیلئے سابقہ اتحادی نئے لبادوں میں پھر میدان میں آ نکلے ہیں جو ماجی کی طرح ایک بار پھر انتخابی عمل کے بعد ایک ساتھ بیٹھ کر سندھ کے وسائل نوچنے اور کراچی کے ہزاروں بے گناہ شہیدوں کے خون کا سودا کرتے نظر آئیں گے۔ مسلم لیگ (ن) کے صوبائی نائب صدر علی اکبر گجر نے سندھ کے وسائل پر قابض ماضی کی دو اتحادی جماعتوں کی لفظی گولہ باری کو کراچی کے عوام کیلئے نیا جال قرار دیتے ہوئے کہا کہ کراچی کے شہری سب سے پہلے 30 سال تک کراچی کو مافیائوں کا گڑھ بنانے والوں سے ان کی کارکردگی کا حساب مانگیں‘ شہر کو لسانیت کی آگ میں جھونک کر اپنے چولھے جلانے والوں کیلئے کراچی سمیت سندھ کی سیاست میں کوئی گنجائش نہیں۔