رمضان المبارک میں غیر معمولی سیکورٹی پلان بنانے کی ہدایت
کراچی (کرائم رپورٹر) آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے پولیس کو ہدایات جاری کیں کہ تمام مساجد‘امام بارگاہوں‘ مدارس اور نماز وتراویح کے دیگر کھلے مقامات کی فہرستوں کا جائزہ لے کر پولیس رینج‘ڈسٹرکٹس اور زونز کی سطح پر فول پروف سیکورٹی /ٹریفک پلانز کی ترتیب کو یقینی بنایا جائے تاکہ رمضان المبارک کے دوران عوام کے جان ومال کے تحفظ کے ساتھ ساتھ ٹریفک مینجمنٹ نظام کو بھی غیر معمولی بنایا جا سکے۔ آئی جی سندھ نے کہا کہ سیکورٹی پلان کو حتمی شکل دینے سے قبل پاکستان رینجرز سندھ ‘قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں سے تمام تر ضروری مشاورت اور تعاون جیسے امور کو یقینی بنایا جائے ۔انہوں نے کہا کہ سیکورٹی پلان کی ترتیب میں کرائم انالائسیز اور ملک کے دیگر صوبوں میں امن و امان کی صورتحال اور اس سے متعلق واقعات کو بھی سامنے رکھا جائے اور بعدازاں اس تناظر میں انتہائی حساس‘حساس اور نارمل درجہ بندیوں پر مشتمل فول پروف سیکورٹی منصوبہ تیار کیا جائے تاکہ رمضان المبارک کے تینوں عشروں بشمول یوم شہادت حضرت علیؓ‘ طاق راتوں/ شب قدر کے موقع پر تمام تر حفاظتی اقدامات کو غیرمعمولی بنایا جا سکے۔