پی سی اے اے کی فائینل فور میں رسائی
کراچی ( اسپورٹس رپورٹر)پاکستان سول ایوی ایشن کی نوزائیدہ ٹیم نے ایشیاء گھی ملز کی ٹیم کو 2کے مقابلے میں 1گول سے ہرا کر پی ایف ایف چیلنج کپ کے سیمی فائینل میں جگہ بنا لی۔ اس سے قبل پاکستان پٹرولئم ، پاکستان ائیرفورس اور واپڈا کی ٹیمیںاپنے اپنے میچ جیت کر سیمی فائینل کے لئے کوالیفائی کر چکی ہیں۔ کے پی ٹی اسٹیڈیم میں پی ایف ایف نیشنل چیلنج کپ کے سلسلے کا چوتھا اور آخری کوارٹر فائینل چیلنج کپ میں پہلی مرتبہ حصہ لینے والی پاکستان سول ایوی ایشن اور ایشیاء گھی ملز کی ٹیموں کے مابین ہوا۔ سول ایوی ایشن کے فارورڈ زید عمر نے 12ویں منٹ میں گیند مخالف گول میں پھینک کے اپنی ٹیم کو ایک گول کی برتری دلادی جو صرف دو منٹ برقرار رہ سکی۔ایشیاء گھی ملز کے ساجد علی نے 14ویں منٹ میں گول کر کے اسکور ایک ایک گول سے برابر کر دیا۔ دونوں ٹیموں نے میچ کے آغاز سے ہی انتہائی تیز کھیل کا مظاہرہ کیا ۔ پہلے ہاف کے اختتام پر میچ 1-1گول سے برابر تھا۔میچ کے 66ویں منٹ میں سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مڈ فیلڈر نعمان نے ایک خوبصورت موو کے نتیجے میں اپنی ٹیم کو 2کے مقابلے میں 1گول کی برتری دلا دی جو میچ کے اختتام تک برقرار رہی۔ سول ایوی ایشن کی فتح کے ساتھ ہی سیمی فائینلزکی لائین اپ بھی مکمل ہو گئی ہے۔ایونٹ کا پہلا سیمی میچ آج 7مئی سہ پہر 4بجے واپڈا اور پاکستان پٹرولئم لمیٹڈ جبکہ دوسرا سیمی فائینل آج کی فاتح سول ایوی ایشن اور پاکستان ائیر فورس کی ٹیموں کے مابین 8مئی کو کھیلا جائے گا۔ سیمی فائینل کی فاتح ٹیمیں 10مئی کو ٹائیٹل کے لئے ٹکرائیں گی جبکہ ہارنے والی ٹیمیں 9مئی کو تیسری پوزیشن کے لئے پنجہ آزمائی کریں گی۔