تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان لاہور میں جلسے سے خطاب کیلئے لفٹر کے ذریعے سٹیج پر جاتے ہوئے بلندی سے نیچے گرگئے،شدید چوٹیں آنے پر ان کے سر پر گیارہ ٹانکے لگائے گئے، ڈاکٹر کے مطابق ان کی حالت خطرے سے باہر ہے.
تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان لاہور کے علاقے غالب مارکیٹ میں جلسے سے خطاب کرنے کیلئے پہنچے تو انہیں سخت سیکیورٹی میں لفٹر کے ذریعے سٹیج پر لیجایا جانے لگا تاہم اس دوران لفٹر پرایک اور سیکیورٹی گارڈ نے سوار ہونے کی کوشش کی جس کی وجہ سے عمران خان اور تین سیکیورٹی اہلکار توازن برقرار نہ رکھتے ہوئے چودہ سے بیس فٹ کی بلندی سے نیچے گر گئے حادثے میں عمران خان کے سر پر شدید چوٹیں آئیں اور ان کے سر سے خون بہنا شروع ہوگیا جبکہ وہ نیم بے ہوشی کی حالت میں چلے گئے اس موقع پر کارکنوں نے انہیں جناح ہسپتال منتقل کیا جہاں عمران خان کو ابتدائی طبی امداد دی گئی ہوش میں آنے کے بعد عمران خان کے کہنے پر انہیں شوکت خانم ہسپتال منتقل کردیا گیا عمران خان کا علاج کرنیوالے ڈاکٹر شفیق کے مطابق عمران خان مکمل ہوش میں ہیں اور انکی حالت خطرے سے باہر ہے جبکہ انہیں بلڈ کی ضرورت نہیں، ڈاکٹر شفیق کا کہنا تھا کہ ان کے سر پر گیارہ ٹانکیں لگے ہیں ایم آرآئی رپورٹ کے مطابق عمران خان کے صرف سر پر ہی چوٹیں آئیں ہیں،ڈاکٹر شفیق کا کہنا تھا کہ اب عمران خان کو آرام کی ضرورت ہے.